آسام- بین مذہبی اراضی کی منتقلی کے لیے ایس او پی کو منظوری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-08-2025
آسام- بین مذہبی اراضی کی منتقلی کے لیے ایس او پی کو منظوری
آسام- بین مذہبی اراضی کی منتقلی کے لیے ایس او پی کو منظوری

 



گواہاٹی (اے این آئی): آسام حکومت نے ریاست میں بین المذاہب زمین کی منتقلی کے لیے ایک معیاری عملی طریقہ کار(SOP)کی منظوری دے دی ہے۔یہ فیصلہ بدھ کے روز گواہاٹی کے لوک سیوا بھون میں آسام کے وزیراعلیٰ ہمنت بسوا سرما کی صدارت میں منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی کابینہ نے غیر منقولہ جائیداد کی بین المذاہب منتقلی کی اجازت کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی منظوری دی ہے، تاکہ ایسے تمام معاملات کی مؤثر اور تیز تر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ اس نوعیت کی زمین منتقلی کی تمام درخواستیں حکومت کو دی جائیں گی، جو ہر کیس کا باریک بینی سے جائزہ لے گی۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ کمشنر اس تجویز کو ریونیو ڈپارٹمنٹ کو بھیجے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ "ریونیو ڈپارٹمنٹ کا مقرر کردہ نوڈل آفیسر یہ تجویز آسام پولیس کی اسپیشل برانچ کو بھیجے گا، جو اس میں کسی فراڈ، دباؤ، یا غیر قانونی عمل کے پہلو، خریداری کے لیے استعمال کی گئی رقوم کے ذرائع، سماجی ہم آہنگی پر ممکنہ اثرات، اور قومی سلامتی کے حوالے سے جانچ کرے گی۔ اس کے بعد یہ تجویز حکومت کو واپس بھیجی جائے گی، اور حتمی فیصلہ ڈسٹرکٹ کمشنر کرے گا۔وزیراعلیٰ سرما نے مزید کہا کہ یہی طریقہ کار ریاست سے باہر کی این جی اوز کے لیے بھی لاگو ہوگا۔"اگر آسام سے باہر کی کوئی غیر سرکاری تنظیم(NGO)تعلیم یا صحت کے ادارے قائم کرنے کے لیے زمین خریدنا چاہے، تو اسے بھی یہی طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ البتہ آسام کی مقامی این جی اوز پر یہ عمل لاگو نہیں ہوگا۔

دوسری جانب، ریاستی کابینہ نے آسام پلانٹیشن کروپس ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کو بند کرنے کی منظوری دے دی ہے، اور 6 کروڑ روپےکی مالی منظوری دی گئی ہے تاکہ ملازمین کو VRS/یکمشت ادائیگیاور ادارے کی بندش کے اخراجات ادا کیے جا سکیں۔وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ نجی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کابینہ نے IIPA 2019(ترمیم شدہ) کے تحت چار تجاویز کے لیے مراعات کی منظوری دی ہے۔

  1. پریمیئر کرائیوجینکس لمیٹڈ: 125 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے جاگی روڈ میں ہائی-پیوریٹی سیمی کنڈکٹر گریڈ گیس بنانے کا پلانٹ قائم کرے گا، جس سے 200 نوکریاںپیدا ہوں گی۔
  2. جونالی کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ: 182.17 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے میریئٹ ریزورٹ اور سپا کا منصوبہ، 204 ملازمتوںکے امکانات۔
  3. امبوجا نیوٹیا ہیلتھ کیئر وینچر لمیٹڈ: 302.65 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے اسپتال منصوبہ۔
  4. امبوجا نیوٹیا ہوٹل وینچرز لمیٹڈ: 360 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے ہوٹل منصوبہ۔

کل سرمایہ کاری: 969 کروڑ روپے
ممکنہ روزگار کے مواقع: 2,704

ریاستی کابینہ نے جھومور بیناندنی پروگرام کے ہر شریک کو 25,000 روپے کا مالی عطیہدینے کی بھی منظوری دی ہے، یہ رقم 12 اکتوبرکو حوصلہ افزائی کے طور پر دی جائے گی۔

کابینہ نے گولاگھاٹ ضلع کے ڈیرگاؤں میں "شمال مشرق ایگرو پروڈکٹس اینڈ سروسز" کی طرف سے "بہوبلی انڈے" کی پیداوار کے لیے کمرشل لئیر فارم کے قیام کی بھی منظوری دی ہے، جس میں تقریباً 25-30 کروڑ روپے کی سرمایہ کاریہوگی اور 700 براہِ راست و بالواسطہ نوکریاںپیدا ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا آسام کا دورہ، جو مشہور گلوکار بھپین ہزاریکا کی پیدائش صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں تھا، اب 13-14 ستمبرکو ہوگا۔تقریب آسام میں 8 ستمبرکو منعقد ہوگی، جبکہ وزیر اعظم اس موقع کو 13 ستمبرکو یادگار بنائیں گے۔