آسام کے کئی دیگر علاقوں میں بھی سیلاب نے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ نازیرا۔ سیوا ساگر۔ چرائیدیو۔ منگلدئی اور دھانسیری ندی کے اطراف کے علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔متاثرہ دیہات کے کئی رہائشی اپنے گھروں کو چھوڑ کر انتظامیہ کی جانب سے قائم راحتی کیمپوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ تاہم کچھ خاندان اپنے سامان اور مویشیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے گھروں کی بالائی منزلوں یا نسبتاً اونچی جگہوں پر قیام کیے ہوئے ہیں۔ ان میں گائے اور بکریاں بھی شامل ہیں۔
خومتائی کے رکن اسمبلی مرینال سائیکیا نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 سے 5 دنوں سے پورے آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے۔ خومتائی کے کچھ علاقوں میں دھانسیری ندی کے پانی کے ابلنے سے کئی دیہات کے لوگوں کو راحتی کیمپوں میں پناہ لینا پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سے زیادہ افراد اپنے گھر کھو چکے ہیں اور راحتی کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ کچھ لوگ اب بھی اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ ان کا سامان اور مویشی وہیں موجود ہیں۔ صورتحال بہت مشکل ہے۔
سائیکیا نے مزید بتایا کہ کدم گڑی اور رنگ دوئی سمیت کئی دیہات میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ سیلاب سے بعض علاقوں میں ضروری بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سینٹ میری اسکول بھی متاثرہ مقامات میں شامل ہے۔پانی کی سطح میں مسلسل اضافے نے مقامی لوگوں اور انتظامیہ کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ زیر آب علاقوں میں موجود لوگوں اور اپنے دیہات میں پھنسے افراد کے لیے امدادی اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں۔انتظامیہ نے متاثرہ لوگوں کے لیے راحتی کیمپ قائم کیے ہیں۔ دھانسیری ندی کا پانی مزید علاقوں میں پھیلنے کے باعث سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔