آسام کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، وزیر اعلیٰ نے راحتی کاموں کا لیا جائزہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-08-2026
آسام کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، وزیر اعلیٰ نے راحتی کاموں کا لیا جائزہ
آسام کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، وزیر اعلیٰ نے راحتی کاموں کا لیا جائزہ

 



شیواساگر: آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا سرما بسوا  نے پیر کو ضلع شیواساگر کے سیلاب سے متاثرہ نیپالی کھوتی علاقے کا دورہ کیا اور راحت و بازآبادکاری کے کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام متاثرہ افراد تک بروقت امداد پہنچائی جائے۔ اس موقع پر آسام کے وزیر Pijush Hazarika اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے آسام ناگالینڈ سرحد کے قریب سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں کا معائنہ کیا جہاں طغیانی نے گھروں املاک اور زرعی روزگار کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے راحتی کیمپوں میں مقیم خاندانوں سے ملاقات کر کے خوراک پینے کے صاف پانی طبی امداد اور مویشیوں و گھروں کے نقصان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ حکومت ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبرو گڑھ شیواساگر اور آس پاس کے علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کو عبوری مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی فوری ترجیح یہ ہے کہ راحتی کیمپوں میں خوراک صاف پانی اور طبی سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ سیلابی پانی اتر رہا ہے لیکن کیچڑ مٹی اور تباہ شدہ مکانات کی وجہ سے نقصان اب بھی بہت زیادہ ہے۔ ضلع مجسٹریٹوں کو فصلوں مویشیوں اور گھروں کے نقصانات کا مکمل سروے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ معاوضہ جلد از جلد جاری کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے پاس کافی وسائل موجود ہیں اور متاثرہ افراد کی زندگیوں کی بحالی کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیر پیجوش ہزاریکا نے بھی آبی وسائل اور زراعت کے محکموں کی جانب سے کسانوں کی مدد اور ڈیماؤ و نازیرا کے حساس علاقوں میں پشتوں کو مضبوط بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ فوری ترجیح ہر متاثرہ خاندان تک خوراک اور صاف پانی پہنچانا ہے جبکہ نقصان کا تخمینہ جلد مکمل کر کے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آبی وسائل کا محکمہ ٹوٹے ہوئے پشتوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کر رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بجلی کے متعدد ٹرانسفارمر دوبارہ فعال کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں شیواساگر میں بجلی سے محروم صارفین کی تعداد تقریباً 58 فیصد کم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مکمل بحالی کی جانب تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔

اسی روز وزیر اعلیٰ نے تقریباً 112 کروڑ روپے کے عبوری سیلابی امدادی پیکیج کا بھی اعلان کیا۔ اس کے تحت چار اضلاع کے تقریباً 75 ہزار متاثرہ خاندانوں کے بینک کھاتوں میں 15 ہزار روپے فی خاندان براہ راست منتقل کیے گئے۔ یہ ادائیگیاں 5 اگست تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ سیلاب سے متاثرہ اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کو 2 لاکھ روپے فی ادارہ دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت بھی مستحقین میں سبسڈی تقسیم کی گئی۔