گوہاٹی۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بدھ کے روز مشہور گلوکار، شاعر اور موسیقار بھوپن ہزاریکا کی 14ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ریاستی حکومت کی جانب سے آج پورے آسام میں بھوپن ہزاریکا کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دو لاکھ سے زائد لوگ بھوپن ہزاریکا کے مشہور گیت "منوہے منوہر بابے" گائیں گے اور ان کے ورثے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے انسانی زنجیر بنائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سرما نے کہا، ’’ہم نے 35 اضلاع اور 27 ذیلی اضلاع میں خصوصی پروگرام منظم کیے ہیں۔ ہر ضلع میں تقریباً 5000 طلبہ، نوجوان اور شہری مل کر 'منوہے منوہر بابے' گیت پیش کریں گے۔ آج دو لاکھ سے زیادہ لوگ انسانی زنجیر بنا کر یہ گیت گائیں گے۔ ہم اقوام متحدہ سے اپیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ وہ 'منوہے منوہر بابے' کو انسانیت کا گیت تسلیم کرے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے بھوپن ہزاریکا کی صد سالہ پیدائش کی تقریبات کے دوران ان کے اعزاز میں کئی اقدامات شروع کیے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بھوپن ہزاریکا سیتو کے قریب 100 فٹ اونچا مجسمہ تعمیر کیا جائے گا اور ریاست کے ہر ضلع میں ایک سڑک ان کے نام سے منسوب کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آسام حکومت نے اس پر کام شروع کر دیا ہے۔ ہم اس سال بھارت رتن ڈاکٹر بھوپن ہزاریکا کی صد سالہ سالگرہ منا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔ اختتامی تقریب بھارت منڈپم میں ہوگی۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دھولا-سادیا پل پر بھوپن ہزاریکا سیتو کے زیرو پوائنٹ پر ڈاکٹر ہزاریکا کا 100 فٹ بلند مجسمہ بنایا جائے۔ ہر ضلع میں ایک سڑک ان کے نام پر رکھی جائے گی۔ 10 دسمبر کو شہید سمارک کا افتتاح کیا جائے گا اور 'شہید پرناموں تمک' پروگرام ریاست بھر میں منعقد ہوگا۔‘‘
ڈاکٹر بھوپن ہزاریکا، جنہیں ’’برد آف برہم پتر‘‘ اور ’’سودھاکنتھا‘‘ یعنی نائٹنگیل آف آسام کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، آسام کے ثقافتی ورثے کے عظیم علمبرداروں میں سے ایک تھے۔ ان کی پیدائش 8 ستمبر 1926 کو ضلع تینسکیا میں ہوئی۔ وہ ایک گلوکار، موسیقار، نغمہ نگار اور شاعر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔