گوہاٹی
آسام کے وزیرِ اعلیٰ ہمنتا بسوا سرمانے ہفتہ کے روز گوہاٹی کے جی ایس روڈ پر سلائس اسمال فنانس بینک کی ہندوستان کی پہلی اے آئی سے چلنے والی “فِجیٹل” (فزیکل + ڈیجیٹل) بینک برانچ کا افتتاح کیا، جسے ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، یہ نئی نسل کی بینکنگ برانچ فزیکل اور ڈیجیٹل خدمات کو جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے یکجا کرتی ہے، جہاں خودکار سروس کیوسک، بغیر کاغذ کے نقد رقم جمع اور نکالنے کی سہولت، اور آسان ڈیجیٹل آن بورڈنگ جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس برانچ کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے تاکہ مختلف طبقوں کے صارفین کے لیے بینکاری کو زیادہ آسان، قابلِ رسائی اور جامع بنایا جا سکے، جہاں روایتی اعتماد کو جدید ڈیجیٹل سہولت کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ بینک اپنی بڑھتی ہوئی فزیکل موجودگی اور مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ذریعے افراد اور چھوٹے کاروباروں کو ذمہ دارانہ قرض، بچت اور ادائیگی کی سہولیات فراہم کرے گا، خاص طور پر اُن لوگوں کو جنہیں اب تک جدید بینکاری خدمات تک محدود رسائی حاصل تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ یہ نئی ڈیجیٹل اور اے آئی سے لیس برانچ شہری اور پسماندہ علاقوں میں ایک زیادہ جامع مالیاتی نظام قائم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہ ا کہ اس بینک کا اپنی منفرد خدمات کے ساتھ آغاز وہی سرمایہ کاری ہے جس کے لیے ریاستی حکومت کافی عرصے سے کوشش کر رہی تھی۔ سلائس اسمال فنانس بینک کے ساتھ حکومت کی شراکت داری آسام کی ضرورت اور حق کے مطابق ایک بہترین تعاون ہے۔”
وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ گوہاٹی میں ہندوستان کی پہلی ڈیجیٹل اور اے آئی پاورڈ برانچ کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ آسام مستقبل کی ہندوستانی بینکاری کو اپنانے اور فروغ دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
بیان کے مطابق، سرما نے اس برانچ کے خصوصی فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صارفین یو پی آئی انٹرفیس کے ذریعے براہِ راست قرض حاصل کر سکیں گے اور اس کے لیے الگ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے چھوٹے دکانداروں اور خواتین کاروباری شخصیات کو چند منٹوں میں اپنے موبائل فون کے ذریعے کاروباری سرمایہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے اس پیش رفت کو عملی اور بامعنی مالی شمولیت کی ایک بہترین مثال قرار دیا۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت آسام کو ذمہ دارانہ اور ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسے حالات پیدا کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے جہاں کاروبار ترقی کر سکیں، نوجوانوں کو مواقع مل سکیں، اور ریاست کے ہر باشندے کو بہتر زندگی بنانے کے لیے ضروری مالی سہولیات حاصل ہوں۔
وزیرِ اعلیٰ نے گوہاٹی میں اس جدید طرز کی بینک برانچ قائم کرنے پر بینک حکام کا شکریہ بھی ادا کیا۔