نئی دہلی: آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا شرما نے ہفتے کے روز گوہاٹی میں ملک کی پہلی مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے چلنے والی بینک برانچ کا افتتاح کیا۔ اس برانچ کا مقصد مالی خدمات کی رسائی بڑھانا اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ Slice Small Finance Bank کی AI پر مبنی یہ برانچ GS روڈ پر قائم کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ برانچ نہ صرف شہروں میں بلکہ کم سہولت والے علاقوں میں بھی زیادہ لوگوں تک بینکنگ خدمات پہنچانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کی شروعات اور اس کی خاص خدمات اس طرح کی سرمایہ کاری کی مثال ہیں، جسے ریاستی حکومت طویل عرصے سے فروغ دے رہی ہے۔
شرما نے کہا کہ اس برانچ کا افتتاح اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ آسام مستقبل کی بینکنگ نظام کو اپنانے اور فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین UPI پلیٹ فارم کے ذریعے براہ راست قرض کی سہولت حاصل کر سکیں گے اور اس کے لیے الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، "اس سے چھوٹے دکانداروں اور خواتین کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کے لیے چند ہی منٹوں میں ورکنگ کیپیٹل حاصل ہو سکے گا۔"