آسام ٹائیگر تحفظ میں مثالی ریاست: سرما

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2026
آسام ٹائیگر تحفظ میں مثالی ریاست: سرما
آسام ٹائیگر تحفظ میں مثالی ریاست: سرما

 



گوہاٹی: عالمی یومِ ٹائیگر کے موقع پر آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ آسام شیر (ٹائیگر) کے تحفظ کے میدان میں ایک "مثالی نمونہ" بن کر ابھرا ہے اور ان کی حکومت رائل بنگال ٹائیگر کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "عالمی یومِ ٹائیگر پر ہم ہندوستان کی ٹائیگر تحفظ کی حکمت عملی کی شاندار کامیابی کا جشن منا رہے ہیں، جس میں آسام قدرتی مسکن کے مؤثر انتظام اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے۔"

وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ سخت انسدادِ شکاری اقدامات، جنگلی حیات کے قدرتی راستوں (کوریڈورز) کا تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کے نظام کی بدولت گزشتہ چند برسوں میں آسام میں شیروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کی سب سے نمایاں کامیابی نامیری ٹائیگر ریزرو کی غیر معمولی پیش رفت ہے، جہاں شیروں کی تعداد بڑھ کر 3 سے 12 ہو گئی، یعنی چار گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ہمانتا بسوا سرما نے مزید کہا، "کازی رنگا، مانس، اورنگ اور نامیری جیسے ہمارے تمام ٹائیگر ریزروز آج رائل بنگال ٹائیگر کے محفوظ مسکن کے طور پر فخر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آئیے، اس عالمی یومِ ٹائیگر پر ان عظیم شکاری جانوروں کے تحفظ اور اپنے خطے کے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کریں۔"