کوالالمپور/ آواز دی وائس
ہندوستان کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کے روز ملیشیا میں منعقدہ آسیان سربراہ اجلاس 2025 کے موقع پر نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن سے ملاقات کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بات کرتے ہوئے جے شنکر نے لکھا کہ یوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن سے #آسیان اجلاس کے موقع پر ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ وزیرِاعظم مودی کی جانب سے گرمجوشی سے نیک خواہشات پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نیوزی لینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے اور ایک آزاد و کھلے انڈو-پیسیفک خطے کو فروغ دینے کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ جے شنکر اور لکسن دونوں آسیان کے رکن ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ ایسٹ ایشیا سمٹ میں شرکت کے لیے ملیشیا میں موجود ہیں۔ اس سال کے ای اے ایس کے دوران آسیان–نیوزی لینڈ تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے پر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، اور نیوزی لینڈ آسیان کے ساتھ ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی حتمی شکل دے گا۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو متعدد شعبوں میں مضبوط کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے، جن میں تجارت اور اقتصادی تعاون نمایاں ہیں۔
جے شنکر اور لکسن کے درمیان یہ ملاقات اس پیش رفت کے بعد ہوئی جب ہندوستان–نیوزی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے کے تیسرے دور کے مذاکرات کامیابی سے 19 ستمبر کو کوئینز ٹاؤن میں مکمل ہوئے۔ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور ایک متوازن و باہمی مفید معاہدے کے جلد از جلد نفاذ کے لیے مل کر کام کریں گے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اور نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کے وژن کی رہنمائی میں مذاکرات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر متفقہ اتفاق رائے ظاہر کیا گیا، جیسا کہ وزارتِ تجارت و صنعت کے اعلامیے میں کہا گیا۔
یہ آزاد تجارتی معاہدہ 16 مارچ 2025 کو اس وقت باضابطہ طور پر شروع کیا گیا تھا جب ہندوستان کے وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گویل اور نیوزی لینڈ کے وزیرِ تجارت و سرمایہ کاری ٹاد میک کلی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ 15 سے 19 ستمبر تک جاری تیسرے مرحلے میں معاہدے کے تمام پہلوؤں پر مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی۔ کئی ابواب پر اتفاقِ رائے ہوا اور دیگر اہم شعبوں میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی۔ مالی سال 2024-25 میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 1.3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 49 فیصد اضافہ ہے۔
مجوزہ ایف ٹی اے سے توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بہاؤ میں اضافہ، سرمایہ کاری کے تعلقات کا فروغ، سپلائی چین کی مضبوطی، اور کاروباری اداروں کے لیے ایک مستحکم اور پیش گوئی کے قابل فریم ورک فراہم ہوگا۔ دونوں فریقین نے مسلسل روابط برقرار رکھتے ہوئے 13 اور 14 اکتوبر کو نئی دہلی میں چوتھے مرحلے کے براہِ راست مذاکرات بھی منعقد کیے۔