جودھپور/ آواز دی وائس
جنسی استحصال کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے آسا رام باپو کو جودھپور ہائی کورٹ سے 6 ماہ کی عبوری ضمانت مل گئی ہے۔ آسا رام کی جانب سے سینئر وکیل دیودت کامت نے سپریم کورٹ میں ان کی پیروی کی، جبکہ ریاستی حکومت کی طرف سے دیپک چودھری اور متاثرہ لڑکی کی جانب سے پی سی سولنکی نے دلائل پیش کیے۔ آسا رام کی جانب سے طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست دی گئی تھی، جس میں ان کی عمر اور خراب صحت کا حوالہ دیا گیا تھا۔ راجستھان ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سنجیو پرکاش شرما اور جسٹس سنگیتا شرما پر مشتمل بینچ نے طبی بنیادوں پر انہیں ضمانت دے دی۔
قابلِ ذکر ہے کہ اگست 2013 میں 16 سالہ لڑکی نے آسا رام پر الزام لگایا تھا کہ اس نے راجستھان کے جودھپور کے قریب اپنے آشرم میں اس کا جنسی استحصال کیا۔ متاثرہ لڑکی کے والدین نے شکایت درج کرائی، جس کے بعد 31 اگست 2013 کو آسا رام کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد اپریل 2018 میں جودھپور کی ایک عدالت نے آسا رام کو نابالغ لڑکی کے ریپ کے جرم میں قصوروار ٹھہرایا اور انہیں ہندوستانی تعزیراتِ قانون، بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون اور کم سن انصاف قانون کی مختلف دفعات کے تحت عمر قید کی سزا سنائی۔
اکتوبر 2013 میں ایک اور مقدمہ سامنے آیا، جب سورت کی ایک خاتون، جو آسا رام کی سابق شاگردہ تھیں، نے الزام لگایا کہ 2001 سے 2006 کے درمیان آسا رام نے احمد آباد کے موٹیرا آشرم میں ان کے ساتھ بار بار جنسی زیادتی کی۔ بعد میں ایک اور مقدمہ درج ہوا، جس کا اختتام جنوری 2023 میں ہوا، جب گاندھی نگر کی عدالت نے آسا رام کو زیادتی کے جرم میں قصوروار قرار دیا ۔ یہ ان کے خلاف ایسے الزامات پر دوسری سزا تھی۔
ان مقدمات کے علاوہ آسا رام کے بیٹے نارائن سائی پر بھی اسی نوعیت کے الزامات لگے۔ 2013 میں سورت کی دو بہنوں نے الزام لگایا کہ آسا رام اور نارائن سائی نے 2000 کی دہائی کے وسط میں ان کا جنسی استحصال کیا۔ بڑی بہن نے آسا رام پر الزام لگایا، جبکہ چھوٹی بہن نے نارائن سائی پر 2002 سے 2005 کے دوران سورت آشرم میں حملہ کرنے کا الزام عائد کیا۔