وائرل ویڈیو کے بعد مندر کے احاطے میں فحش حرکات کے الزام میں 2 گرفتار

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-12-2025
 وائرل ویڈیو کے بعد مندر کے احاطے میں فحش حرکات کے الزام میں 2 گرفتار
وائرل ویڈیو کے بعد مندر کے احاطے میں فحش حرکات کے الزام میں 2 گرفتار

 



گنا : ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد مدھیہ پردیش میں دو افراد کو مندر کے احاطے میں نازیبا حرکات کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔گنا سے سامنے آئی اس ویڈیو میں ایک مرد اور ایک عورت کو بھیس بھوجا دیوی مندر کے علاقے میں ناپسندیدہ حرکات کرتے دیکھا گیا تھا جس کے بعد تھانہ بجری نگر کی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو حراست میں لے کر ایف آئی آر درج کی۔ گنا کے ایس پی کے مطابق پولیس کو جب یہ ویڈیو موصول ہوئی تو فوراً معاملے کی نوعیت سمجھ کر کارروائی کی گئی کیونکہ یہ مذہبی مقام کا معاملہ تھا۔ اسی لیے بی این ایس کی شق 296 اور 299 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ دونوں شقیں عوامی جگہ پر نازیبا حرکات اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے جیسے معاملات سے متعلق ہیں۔

ایس پی نے بتایا کہ اس واقعے میں مذہبی جذبات کے پہلو کو دیکھتے ہوئے دو ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے پوری رات سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور مسلسل کوششوں کے بعد دونوں افراد کو گرفتار کیا۔ شق 296 کے تحت ایسے اعمال آتے ہیں جو عوامی بے چینی پیدا کریں اور شق 299 کے تحت مذہب کی توہین یا دل آزاری کے ارادے سے کیے گئے اقدامات قابل سزا ہیں۔

جب ایس پی سے پوچھا گیا کہ کیا ان دونوں نے جان بوجھ کر مندر کا انتخاب کیا تاکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو سکیں تو انہوں نے بتایا کہ تفتیش جاری ہے اور اگر اس طرح کی کوئی بات سامنے آتی ہے تو عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

اس واقعے نے آن لائن شدید ردعمل پیدا کیا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اس جوڑے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔