نئی دہلی: وزارتِ بندرگاہیں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں (ایم او پی ایس ڈبلیو) نے شپ بلڈنگ ڈیولپمنٹ اسکیم (ایس بی ڈی ایس) کے تحت دو اہم بحری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو اصولی منظوری دے دی ہے۔ ان میں گجرات کے ضلع پوربندر میں گرین فیلڈ شپ بلڈنگ کلسٹر اور کچھ کی خلیج کے ودینار میں جدید جہاز مرمت مرکز شامل ہیں۔ یہ اقدام ہندوستان کو عالمی سطح پر جہاز سازی کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھارنے کی سمت میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارت کے مطابق، یہ دونوں منصوبے میری ٹائم امرت کال وژن 2047 کے تحت مقامی جہاز سازی اور جہاز مرمت کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی حکومتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔ مرکزی وزیر برائے بندرگاہیں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہیں سربانند سونووال نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بحری شعبے میں تاریخی اصلاحات، عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور مؤثر پالیسیوں کے ذریعے نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے کہا، "ہم نے ایک مضبوط بنیاد قائم کر دی ہے۔ اب اگلا مرحلہ کم سے کم حکومتی مداخلت، زیادہ مسابقت اور بہتر کارکردگی کے ذریعے ہندوستان کی بحری صنعت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانا ہے، تاکہ یہ شعبہ وکست بھارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے۔" وزارت نے بتایا کہ منظوری کے تحت مغربی ساحل پر گرین فیلڈ شپ بلڈنگ کلسٹر کے قیام اور ملک کے سب سے بڑے جہاز مرمت مراکز میں سے ایک کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
یہ گرین فیلڈ شپ بلڈنگ کلسٹر نیشنل شپ بلڈنگ اینڈ ہیوی انڈسٹریز پارک-گجرات (این ایس ایچ آئی پی-گجرات) کے ذریعے تیار کیا جائے گا، جو وزارت اور گجرات میری ٹائم بورڈ کی مشترکہ خصوصی مقصدی کمپنی (ایس پی وی) ہے۔ پوربندر ضلع کے کچھھاڑی علاقے میں تقریباً دو ہزار ایکڑ پر محیط اس مربوط بحری صنعتی کلسٹر میں جدید شپ یارڈ، معاون صنعتی یونٹس، مشترکہ بنیادی ڈھانچہ اور مہارت سازی کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد بڑے تجارتی جہاز تیار کرنا ہے، جن کی سالانہ پیداواری صلاحیت 12 سے 15 لاکھ گراس ٹنیج (جی ٹی) ہوگی۔
اس سے نہ صرف ملک کی جہاز سازی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ گجرات بھاری تجارتی جہازوں کی تعمیر کا ایک اہم مرکز بھی بن جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت منظور ہونے والا دوسرا منصوبہ 1,570 کروڑ روپے کی لاگت سے ودینار میں جہاز مرمت کا جدید مرکز قائم کرنا ہے، جسے کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ (سی ایس ایل) اور دین دیال پورٹ اتھارٹی (ڈی پی اے) مشترکہ طور پر تیار کریں گے۔ اس منصوبے کو 5 مئی 2026 کو کابینہ کی اقتصادی امور کمیٹی (سی سی ای اے) سے منظوری مل چکی تھی، جبکہ اب اسے شپ بلڈنگ ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت اہل سرمایہ جاتی بنیادی ڈھانچے پر 25 فیصد مالی معاونت کی اصولی منظوری بھی حاصل ہو گئی ہے۔
اس توسیعی منصوبے میں 650 میٹر طویل جیٹی، دو بڑے تیرتے ہوئے ڈرائی ڈاک، ورکشاپس اور دیگر بحری بنیادی سہولتیں شامل ہوں گی۔ ودینار کی قدرتی گہرے پانی کی بندرگاہ، بین الاقوامی بحری راستوں کے قریب محلِ وقوع اور مندرا و دین دیال بندرگاہوں سے قربت کے باعث یہ مرکز ہندوستان کے نمایاں جہاز مرمت مراکز میں شمار ہوگا۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد 300 میٹر تک لمبے تجارتی جہازوں کی مرمت ملک کے اندر ہی ممکن ہوگی، جس سے بیرونِ ملک شپ یارڈز پر انحصار کم ہوگا اور ہندوستان کی جہاز مرمت کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ وزارت کے مطابق شپ بلڈنگ ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی مالی معاونت اس منصوبے کو معاشی طور پر مزید قابلِ عمل بنائے گی۔
سربانند سونووال نے مزید کہا کہ یہ دونوں منصوبے ہندوستان کے بحری شعبے کی مسابقتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا، "آتم نربھر بھارت کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم ایک جدید، مؤثر، مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، عالمی معیار کی اور تجارتی لحاظ سے مضبوط جہاز سازی و جہاز مرمت کی صنعت کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بحری صنعتی نظام کو تقویت ملے گی، مقامی سپلائی چین مضبوط ہوگی اور عالمی سطح پر ہندوستان کی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔ یہ منصوبے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس وژن کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت ہندوستان کے بحری شعبے کو آتم نربھر اور وکست بھارت کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔