نئی دہلی
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کو مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے طلبہ کی توہین کی ہے۔ راہل گاندھی نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ تعلیم ملک کے نوجوانوں سے معافی مانگیں اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مرکز کی حکومت اقتدار کے غرور میں مبتلا ہو چکی ہے اور اب اُن طلبہ کو نشانہ بنا رہی ہے جو اپنے حقوق، منصفانہ امتحانات اور بہتر روزگار کے مواقع کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ اقتدار کے گھمنڈ میں ڈوبی مودی حکومت اب اس مقام پر پہنچ گئی ہے جہاں وزیرِ تعلیم اُن طلبہ کو، جو صرف اپنے حقوق، شفاف امتحانات اور محفوظ مستقبل کا مطالبہ کر رہے ہیں، ’دہشت گرد‘ قرار دے رہے ہیں۔راہل گاندھی نے مزید الزام لگایا کہ بار بار امتحانی پرچے لیک ہونے اور تعلیمی نظام کی ناکامیوں نے ملک بھر کے لاکھوں طلبہ کے مستقبل کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذرا سوچئے، جس کی ناکامیوں کے باعث اتنے پرچے لیک ہوئے، جس کے دور میں 20 بچوں کی جانیں گئیں، جس نے لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کو اندھیروں میں دھکیل دیا، وہی آج متاثرہ طلبہ اور ان کی آواز بلند کرنے والوں کو ’دہشت گرد‘ کہہ رہا ہے۔ لیکن یہ کوئی نئی بات نہیں۔ کسانوں کو، جو ملک کو خوراک فراہم کرتے ہیں، ’پیشہ ور مظاہرین‘ اور ’طفیلی‘ کہا گیا۔ سوال پوچھنے والوں کو ’قوم دشمن‘ قرار دیا گیا، اور اب نوجوانوں کو ’دہشت گرد‘ کہا جا رہا ہے۔
ماضی کے احتجاجی مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ حکومت ناقدین اور اختلاف رائے رکھنے والوں کو مختلف توہین آمیز القابات سے نوازنے کی روایت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت سے سوال کرے، اسے غدار قرار دے دو، یہی ان کی پوری سیاست ہے۔ دھرمیندر پردھان فوری طور پر ملک کے کروڑوں نوجوانوں سے معافی مانگیں اور اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیں۔ جہاں تک میرا تعلق ہے، آپ مجھ پر جتنے چاہیں حملے کریں۔ملک کے تعلیمی نظام پر اپنی تنقید دہراتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو پہلے بھی کوٹا میں اٹھا چکے ہیں اور آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کوٹا میں بھی کہا تھا اور آج پھر کہتا ہوں کہ یہ تعلیمی نظام اب محض ایک استحصالی کاروبار بن چکا ہے۔ میں اسے اسی طرح چلنے نہیں دوں گا۔ ہر بچے کو معیاری اور سستی تعلیم، اور منصفانہ امتحانات فراہم کرنا ضروری ہے، اور میں اس مطالبے کے لیے آواز اٹھانا کبھی بند نہیں کروں گا۔
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے ایک انٹرویو کے دوران جنتر منتر پر اپنے استعفے کے مطالبے کے لیے ہونے والے مظاہروں کو ’’انتشار پسند عناصر کی بی ٹیم‘‘ قرار دیا تھا۔پردھان نے کہا تھا کہ جو لوگ جمہوری عمل میں مسترد ہو چکے ہیں، وہ بھیس بدل کر نظام کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ وہ اُن لوگوں کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں جو ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ 21 جون کو نیٹ-یو جی 2026 کا دوبارہ منعقد کیا گیا امتحان ملک بھر اور بیرونِ ملک 14 مقامات پر مکمل ہوا، تاہم یہ پورا عمل سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے تنازعے کے سائے میں رہا۔