نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی کہ وہ حمل سے قبل اور پیدائش سے قبل تشخیصی تکنیک (پی سی پی این ڈی ٹی) ایکٹ اور متعلقہ قواعد کے مؤثر نفاذ سے متعلق ایک عرضی پر اپنا جواب چار ہفتوں کے اندر داخل کریں۔ ریکارڈ پر یہ بات سامنے آئی کہ تقریباً پانچ ریاستوں نے اپنا موقف پیش نہیں کیا تھا جبکہ باقی نے اپنی حلف نامے عدالت میں جمع کرا دیے تھے۔
پی سی پی این ڈی ٹی قانون جنین کے جنس کی جانچ کے لیے پیدائش سے قبل تشخیصی تکنیکوں کے استعمال پر پابندی کے مقصد سے بنایا گیا تھا۔ جسٹس بی وی ناگرَتنا اور جسٹس آر مہادیوَن کی بنچ کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال ستمبر میں عدالتِ عظمیٰ نے ریاستوں کو اپنے حلف نامے داخل کرنے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا تھا۔
ریاستوں کو یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ متعلقہ اپیلیٹ عدالتوں کے سامنے مناسب اتھارٹیز کے ذریعے حلف نامہ داخل کریں اور بتائیں کہ ایسے معاملات میں اپیل، نظرِ ثانی یا دیگر کارروائیوں کی تعداد کتنی ہے۔ بنچ نے پوچھا: کیا ریاستوں نے اپنے جواب داخل کیے ہیں؟ مقدمے میں پیش ہوئے سینئر وکیل سنجے پاریکھ نے کہا کہ کچھ ریاستوں نے اپنے حلف نامے داخل کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’’ایسا لگتا ہے کہ تقریباً پانچ ریاستوں نے حلف نامے داخل نہیں کیے ہیں۔ کئی معاملات میں لوگوں کو بری کر دیا گیا تھا لیکن ان کے خلاف اپیل دائر نہیں کی گئی۔ بنچ نے سوال کیا: وہ (ریاستیں) بری کیے جانے کے خلاف اپیل کیوں نہیں دائر کر رہیں؟ سپریم کورٹ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکام نے ایسے مقدمات میں مناسب طریقے سے پیروی نہیں کی جس کے باعث ملزم بری ہو گئے۔
ایک ریاست کی جانب سے پیش ہوئے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر حلف نامہ جمع کرا دیں گے۔ بنچ نے خبردار کرتے ہوئے کہا: ہم اس بار جرمانہ نہیں لگا رہے ہیں، لیکن اگلی بار ہم جرمانہ عائد کر سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ریاستوں کو چار ہفتے کا وقت دیا اور سماعت 10 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔ ساتھ ہی عدالت نے سنجے پاریکھ کو امیکس کیوری (عدالت کے معاون) مقرر کیا۔
گزشتہ سال ستمبر میں عدالت نے ریاستوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایسے اعداد و شمار فراہم کریں جو یکم مئی 2015 سے اب تک کے ہوں۔ عدالت نے جولائی 2023 میں وکیل شوبھا گپتا کی عرضی پر کئی ریاستوں سے جواب طلب کیا تھا۔ عرضی گزار کا کہنا تھا کہ قانون کا ’’صحیح معنوں میں‘‘ نفاذ نہیں ہو رہا ہے۔ ان کے وکیل نے دلیل دی کہ قانون کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق کسی بھی بری کرنے کے حکم کے خلاف اپیل دائر کرنا لازمی ہے۔
اس قانون کا مقصد پیدا ہونے سے پہلے بچوں کی جان بچانا ہے۔ سپریم کورٹ نے ستمبر 2022 میں اس عرضی پر مرکز کو نوٹس جاری کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہر سطح پر مناسب حکام کو پی سی پی این ڈی ٹی قوانین 1966 پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت دی جائے اور یہ بھی کہا گیا کہ کسی بھی کوتاہی کی صورت میں اس کے منفی نتائج بھگتنے ہوں گے۔
عرضی میں یہ بھی درخواست کی گئی تھی کہ پی سی پی این ڈی ٹی ایکٹ کی دفعہ 25 کے تحت مجرم کے خلاف سزا شروع کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت دی جائے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ مختلف ریاستوں کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس قانون کے تحت سزا کی شرح نہایت کم ہے۔