عام آدمی پارٹی پنجاب کی ایک اورایم ایل اے نے چھوڑی پارٹی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2021
عام آدمی پارٹی پنجاب کی ایک اورایم ایل اے نے چھوڑی پارٹی
عام آدمی پارٹی پنجاب کی ایک اورایم ایل اے نے چھوڑی پارٹی

 

 

چنڈی گڑھ: عام آدمی پارٹی کو انتخابات سے قبل پنجاب میں بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بھٹنڈہ کی ایم ایل اے روپندر روبی نے منگل کی آدھی رات کو استعفیٰ دے دیا۔

انہوں نے پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کو ٹویٹر پر ٹیگ کیا اور کہا کہ میں آپ کی پارٹی چھوڑ رہی ہوں۔ اس میں انہوں نے سنگرور کے ایم پی بھگونت مان کو بھی ٹیگ کیا ہے۔

یہ استعفیٰ ایسے موقع پر آیا ہے جب کیجریوال پنجاب انتخابات کے لیے دورے پر ہیں۔

دوسری جانب آپ رہنما ہرپال چیمہ نے کہا کہ روبی کو اس بار ٹکٹ نہیں ملنا تھا اس لیے انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔

ذرائع کی مانیں تو ایم ایل اے روبی کانگریس میں شامل ہو سکتی ہیں۔ منگل کی رات دیر گئے استعفیٰ دینے سے پہلے، انہوں نے وزیر اعلی چرنجیت چنی، پنجاب کانگریس کے سربراہ نوجوت سدھو اور کانگریس انچارج ہریش چودھری سے ملاقات کی تھی۔ تمام بات چیت کے بعد ہی انہوں نے رات کو اپنا استعفیٰ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔

بٹھنڈہ دیہات سے ایم ایل اے، روبی بھگونت مان کو لے کر بحث میں تھیں۔ وہ مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہیں کہ سنگرور کے ایم پی بھگونت مان کو سی ایم کا چہرہ قرار دیا جائے۔ ذرائع کی مانیں تو اس کھلے عام بیان بازی سے پارٹی ناراض بھی تھی۔

روبی نے یہاں تک کہا تھا کہ اگر بھگونت مان نہیں تو صرف اروند کیجریوال ہی پنجاب میں وزیراعلیٰ کا چہرہ رہ گئے ہیں۔ بھگونت مان بھی پارٹی کی تاخیر سے ناراض ہیں۔ پچھلی بار مخالفین نے باہر کے شخص کو وزیر اعلی بنانے کے معاملے کا فائدہ اٹھا کر آپ کے خلاف ماحول بنایا تھا۔

روبی منگل کی دوپہر تقریباً 2.30 بجے چندی گڑھ پہنچیں۔ کابینہ کی میٹنگ سے پہلے یہاں سی ایم چنی اور سدھو کی میٹنگ چل رہی تھی۔ جس میں پنجاب کے انچارج ہریش چوہدری بھی شامل تھے۔

اسی دوران روبی سے تقریباً آدھے گھنٹے تک ملاقات ہوئی۔ تب سے ایسا لگ رہا تھا کہ موجودہ ایم ایل اے ہونے کی وجہ سے ٹکٹ کنفرم ہونے کے بعد وہ واپس آئیں اور استعفیٰ دے دیا۔

روبی عام آدمی پارٹی چھوڑنے والی چھٹی ایم ایل اے ہیں۔ اس سے قبل سکھ پال سنگھ کھیرا، پیرمل سنگھ خالصہ اور جگ دیو سنگھ کمالو عام آدمی پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں۔ جیتو کے ایم ایل اے بلدیو سنگھ اور ایچ ایس پھولکا نے ایم ایل اے کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

روبی کے استعفیٰ پر عام آدمی پارٹی کا ردعمل آیا ہے۔ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہرپال چیمہ نے کہا کہ روپندر روبی کو ٹکٹ ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ وہ اس کی چھوٹی بہن ہے اور وہ جہاں بھی جائے خوش رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ٹکٹ کی وجہ سے کانگریس میں شامل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کانگریس سے درخواست کی کہ وہ روبی کے ساتھ دھوکہ دہی نہ کریں اور بٹھنڈہ دیہات سے ٹکٹ ضرور دیں۔