انا ہزارے نے مہاراشٹرا کے آر ٹی آئی ترمیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
انا ہزارے نے مہاراشٹرا کے آر ٹی آئی ترمیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا
انا ہزارے نے مہاراشٹرا کے آر ٹی آئی ترمیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا

 



رالیگن سدھی
معروف سماجی کارکن انا ہزارے نے منگل کے روز مہاراشٹر حقِ معلومات قواعد 2026 کے خلاف تحریک چلانے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے ترمیم شدہ ضوابط شفافیت کے قانون کو کمزور کرتے ہیں اور شہریوں کو معلومات تک رسائی سے دور رکھتے ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انا ہزارے نے کہا کہ آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں فیصلہ 24 جون کو ہونے والی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے پرسوں شام 4 بجے کیے جائیں گے۔ اگر قانون کو کمزور کرنے کا ارادہ نہ ہوتا تو ایسے بے معنی قوانین کیوں بنائے جاتے؟ میں نے حقِ معلومات کے لیے 1998، 2001، 2004 اور 2006 میں تحریکیں چلائی تھیں۔ اگر پرسوں ہونے والی بات چیت میں ہمارے مسائل کا حل نکل آیا تو بھوک ہڑتال منسوخ کر دی جائے گی، ورنہ تحریک شروع کی جائے گی۔
انا ہزارے مہاراشٹر حقِ معلومات قواعد 2026 میں شامل کئی نئی شقوں کی مخالفت کر رہے ہیں، جن میں آر ٹی آئی درخواست کی فیس 10 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کرنا، درخواست گزار کے لیے شناختی ثبوت لازمی قرار دینا، "ایک موضوع، ایک درخواست" کا اصول نافذ کرنا اور درخواستوں کے لیے الفاظ کی حد مقرر کرنا شامل ہے۔
انہوں نے ان شقوں پر بھی اعتراض کیا ہے جن کے تحت درخواست گزار کی وفات کی صورت میں آر ٹی آئی درخواست کو بند تصور کیا جائے گا، جبکہ درخواستوں اور اپیلوں کی سماعت کے دوران قانونی نمائندگی کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔انا ہزارے نے ان تبدیلیوں پر بھی تشویش ظاہر کی جو معلومات فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف جرمانے سے متعلق ضوابط میں کی گئی ہیں۔
اس سے قبل انا ہزارے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو خط لکھ کر مہاراشٹر حقِ معلومات قواعد 2026 واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ میں نے اپنی پوری زندگی سماج اور ملک کی خدمت کے لیے وقف کر دی ہے۔ شفافیت کے فروغ کے لیے میں نے 1998، 2001، 2004 اور 2006 میں پورے مہاراشٹر میں حقِ معلومات قانون کے حق میں عوامی بیداری مہم چلائی۔ اس کے علاوہ 2003 میں ممبئی کے آزاد میدان میں حقِ معلومات کے لیے بھوک ہڑتال کی اور 2004 میں رالیگن سدھی میں بھی بھوک ہڑتال کی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 2006 میں میں نے مرکزی حقِ معلومات قانون میں فائل نوٹنگ اور دیگر دفعات کو ختم کرنے کے خلاف آلندی میں بھی بھوک ہڑتال کی تھی۔ اس وقت میں نے وزیر اعظم کے دفتر کے اُس وقت کے وزیر پرتھوی راج چوہان کی تحریری یقین دہانی کے بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کی تھی۔
انا ہزارے نے اپنے خط میں مزید کہا کہ اب 20 سال بعد، 12 جون 2026 کو بنائے گئے یہ ضوابط اس قانون کی طاقت کو کمزور کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ شہریوں کو معلومات سے دور کرتے ہیں اور حقِ معلومات کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، جیسا کہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے جاری کردہ مہاراشٹر حقِ معلومات قواعد 2026 میں دیکھا جا سکتا ہے۔