انل امبانی کو ای ڈی نے دوبارہ طلب کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-11-2025
انل امبانی کو ای ڈی نے دوبارہ طلب کیا
انل امبانی کو ای ڈی نے دوبارہ طلب کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ای ڈی نے مبینہ بینک فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں رلائنس گروپ کے چیئرمین انل امبانی کو اگلے ہفتے ایک بار پھر تفتیش کے لیے طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس سے قبل ایجنسی نے 66 سالہ صنعتکار سے اگست میں پوچھ گچھ کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ انل امبانی کو 14 نومبر کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) سے منسلک مبینہ بینک قرض دھوکہ دہی کے معاملے میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ ایجنسی نے حال ہی میں امبانی گروپ کی کمپنیوں کے خلاف جاری تحقیقات کے تحت 3000 کروڑ روپے سے زائد کی جائیدادیں منسلک کی ہیں۔ افسران کے مطابق، صنعتکار کو ایجنسی کے دہلی ہیڈکوارٹر میں تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس دیا گیا ہے۔ یہ نیا سمن تقریباً تین ماہ بعد جاری کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ای ڈی نے اسی معاملے میں انل امبانی سے آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔
یہ قدم ای ڈی کی حالیہ کارروائی کے بعد اٹھایا گیا ہے جس میں ایجنسی نے انل امبانی اور ان کی کمپنیوں سے منسلک 42 سے زائد جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کیا ہے۔ ان جائیدادوں کی تقریبی مالیت 3083 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ یہ تفتیش رِلائنس انل دھرو بھائی امبانی گروپ  کی کمپنیوں سے وابستہ مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے کا حصہ ہے۔ ای ڈی کے مطابق، تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اے ڈی اے جی گروپ کی کئی کمپنیاں — جیسے رِلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ، رِلائنس ہوم فائننس لمیٹڈ، رِلائنس کمرشیل فائننس لمیٹڈ، رِلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ (آر اِنفرا) اور رِلائنس پاور لمیٹڈ  نے عوامی سرمائے کے فراڈ پر مبنی غلط استعمال میں کردار ادا کیا ہے۔
ایجنسی نے بتایا کہ یس بینک نے اے ڈی اے جی کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے قبل رِلائنس نِپّون میوچوئل فنڈ سے بھاری رقم حاصل کی تھی۔ حالانکہ سیبی کے ضوابط کے مطابق، یہ میوچوئل فنڈ امبانی گروپ کی فائننس کمپنیوں میں براہِ راست سرمایہ کاری یا فنڈ ٹرانسفر نہیں کر سکتا تھا، کیونکہ اس سے مفادات کے تصادم کا معاملہ بنتا۔ ای ڈی کے ترجمان نے کہا کہ ایجنسی نے مفاد یافتہ فریقین، جعلی دستاویزات، کمزور نگرانی، اور منظوری سے قبل فنڈ ٹرانزیکشنز جیسی بے ضابطگیوں کا ایک منظم پیٹرن پایا ہے۔ اسی پورے نیٹ ورک کے ذریعے عوامی سرمائے کو باہم جڑی کمپنیوں کے جال کے ذریعے غیر قانونی طور پر منتقل اور خرد برد کیا گیا۔