نئی دہلی
ریلائنس (اے ڈی اے جی) کے چیئرمین انیل امبانی نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بغیر پیشگی اجازت کے ملک نہیں چھوڑیں گے اور تفتیشی ایجنسیوں کے ساتھ جانچ میں مکمل تعاون کریں گے۔ یہ معاملہ انیل دھیرو بھائی امبانی گروپ (اے ڈی اے جی) کی جانب سے مبینہ طور پر 40 ہزار کروڑ روپے کی بینکنگ اور کارپوریٹ دھوکہ دہی سے متعلق ہے۔
اعلیٰ عدالت میں داخل حلف نامے میں امبانی نے کہا کہ ان کا ملک چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ قانونی کارروائی سے بچنے کی کوئی نیت رکھتے ہیں۔ امبانی نے کہا كہ میں حلفاً بیان کرتا ہوں کہ جولائی 2025 سے موجودہ جانچ شروع ہونے کے بعد میں نے ہندوستان نہیں چھوڑا ہے اور فی الحال ملک سے باہر جانے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ اگر کسی کام کے سلسلے میں بیرونِ ملک جانا پڑا تو اس سے پہلے عدالت سے اجازت لیں گے۔
انہوں نے کہا كہ میں پوری دیانت داری کے ساتھ جانچ میں ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہوں اور آئندہ بھی ایسا کرتا رہوں گا۔ امبانی نے یہ حلف نامہ سابق نوکرشاہ ای اے ایس شرما کی اُس عرضی کے جواب میں داخل کیا ہے، جس میں اے ڈی اے جی، انیل امبانی اور گروپ کی کمپنیوں سے جڑے مبینہ بڑے بینکنگ اور کارپوریٹ گھوٹالے کی غیر جانبدار، فوری اور بلا امتیاز جانچ کی اپیل کی گئی ہے۔
حلف نامے میں بتایا گیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انہیں 26 فروری 2026 کو پیش ہونے کے لیے طلب کیا ہے، اور انہوں نے اُس تاریخ کو پیش ہو کر جانچ میں شامل ہونے کا وعدہ کیا ہے۔
امبانی نے کہا كہ میں حکام کے ساتھ مکمل تعاون کا وعدہ کرتا ہوں، ساتھ ہی اس عمل میں شفافیت کو یقینی بناؤں گا اور درخواست گزار کی جانب سے حقائق کو منتخب انداز میں پیش کیے جانے سے روکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حلف نامہ اس بات کو ظاہر کرنے کے لیے داخل کیا جا رہا ہے کہ ان کا رویہ شفاف اور تعاون پر مبنی رہا ہے۔
جانچ میں “بلا وجہ تاخیر” پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے چار فروری کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو مبینہ دھوکہ دہی کی غیر جانبدار، فوری اور بلا امتیاز جانچ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ جب شرما نے اندیشہ ظاہر کیا کہ انیل امبانی ملک چھوڑ کر فرار ہو سکتے ہیں، تو صنعت کار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل مکُل روہتگی نے سپریم کورٹ کو یقین دلایا کہ وہ عدالتِ عظمیٰ کی اجازت کے بغیر ملک نہیں چھوڑیں گے۔
شرما کی جانب سے دائر مفادِ عامہ کی عرضی میں انیل امبانی کی قیادت والے ریلائنس گروپ کی کئی اکائیوں پر فنڈز کی ادلا بدلی اور مالی کھاتوں میں بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔