رائے بریلی
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے منگل کے روز مرکزی حکومت کی مالیاتی پالیسیوں پر شدید حملہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ہندوستان ایک غیر معمولی "معاشی طوفان" کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے معیشت میں کی گئی تبدیلیاں بالآخر ناکام ہو جائیں گی اور اس کا سب سے زیادہ بوجھ عام عوام کو اٹھانا پڑے گا۔
اپنے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے دورے کے دوران میڈیا اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما نے الزام لگایا کہ موجودہ معاشی ڈھانچہ چند مخصوص ارب پتی صنعت کاروں کے فائدے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ محنت کش طبقہ اس کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ بڑے صنعت کار اور سیاسی رہنما تو اپنے محلات میں محفوظ رہیں گے، مگر اتر پردیش کے نوجوان، کسان، مزدور اور چھوٹے کاروباری افراد اس آنے والے معاشی جھٹکے سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وہ عوام سے بیرونِ ملک سفر کم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب خود مسلسل غیر ملکی دورے کر رہے ہیں، مگر ملک کے اندرونی معاشی بحران پر توجہ نہیں دے رہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ میں کئی دنوں سے کہہ رہا ہوں کہ مودی جی نے جو معاشی ڈھانچہ تبدیل کیا ہے، اب ایک معاشی طوفان آنے والا ہے۔ اڈانی اور امبانی کے حق میں بنایا گیا یہ نظام زیادہ دیر قائم نہیں رہے گا، بلکہ مکمل طور پر ٹوٹ جائے گا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اس کا سب سے بڑا نقصان عام عوام کو ہوگا۔ وہ لوگ تو اپنے محلات میں بیٹھے رہیں گے، مگر اتر پردیش کے نوجوان اور عوام اس جھٹکے کی پوری مار جھیلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آنے والا معاشی بحران اڈانی، امبانی یا مودی کو متاثر نہیں کرے گا، بلکہ اتر پردیش کے نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے تاجروں کو تباہ کرے گا۔ کئی برسوں بعد ایسا سخت بحران آنے والا ہے۔ لیکن عملی اقدامات کرنے کے بجائے نریندر مودی عوام سے کہہ رہے ہیں کہ بیرونِ ملک سفر نہ کریں، جبکہ وہ خود پوری دنیا کے دورے کر رہے ہیں۔
ادھر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور موجودہ معاشی صورتحال کو "مودی حکومت کا پیدا کردہ بحران" قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے جبکہ بڑے کارپوریٹ گروپس کو "کھلی چھوٹ" دی جا رہی ہے۔کھڑگے نے کہا کہ صرف چار دن بعد مودی حکومت نے ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ پہلے پورا ماحول تیار کیا گیا، پھر بچت کے لیکچر دیے گئے، اور اب اپنی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو لوٹنا اور اڈانی کو امریکہ سے کلین چٹ دلوانا' یہی مودی جی کا سمجھوتہ شدہ ماڈل ہے۔ جو مودی جی خود کو دنیا کا گرو قرار دیتے ہیں، وہ روسی تیل خریدنے کی اجازت کے لیے امریکہ سے ایک ماہ کی مہلت مانگ رہے ہیں۔ ہر بار ایسا کرکے وہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی عزت مجروح کرتے ہیں۔ ماضی کی کسی حکومت نے اس حد تک جھکنے کی کوشش نہیں کی۔
مغربی ایشیا کے بحران کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، جس کے سبب عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ملک بھر میں عوام نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ منگل کے روز حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں تقریباً 90 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا۔دہلی میں پٹرول کی قیمت 97.77 روپے سے بڑھ کر 98.64 روپے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ ڈیزل 90.67 روپے سے بڑھ کر 91.58 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔
ادھر کریسل کی ایک رپورٹ کے مطابق، خام تیل کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم برآمدات میں کمی اور درآمدی تیل پر بڑھتے انحصار کے باعث مالی سال 2027 میں ہندوستان کا تیل تجارتی خسارہ نمایاں طور پر بڑھ سکتا ہے۔