اے ایم یو:بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ میں اکھل بنسل ایمفی تھیٹر کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-03-2022
اے ایم یو:بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ میں اکھل بنسل ایمفی تھیٹر کا افتتاح
اے ایم یو:بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ میں اکھل بنسل ایمفی تھیٹر کا افتتاح

 


آواز دی وائس، علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فرینک اینڈ ڈیبی اسلام مینجمنٹ کمپلیکس میں اکھل بنسل ایمفی تھیٹر کا آج اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کے پی ایم جی کے سی ای او یزدی ناگپور والااور دیگر معززین کی موجودگی میں افتتاح کیا۔

یہ ایمفی تھیٹر مسٹر اکھل بنسل (1968-2021) کی محبت بھری یاد کے لئے وقف ہے جو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایک نامور سابق طالب علم اور ہندوستان میں کے پی ایم جی کے سابق ڈپٹی سی ای او تھے۔ وہ اپنی مادر علمی اے ایم یو سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طارق منصور نے کہا،”اکھل بنسل ایک ممتاز سابق طالب علم تھے اور ہمیں ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔

ان کے انتقال نے اہل خانہ کے ساتھ ان کے رفقاء کو صدمے سے دوچار کیا“۔ پروفیسر منصور نے کہا ”اے ایم یو دنیا کے تعلیمی اداروں میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے، جہاں طلبہ متنوع سماجی، اقتصادی اور ثقافتی پس منظر سے آتے ہیں۔

صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے اے ایم یو کو اس کے متنوع اور منفرد کردار کے لئے بہت سراہا۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اسے چھوٹا ہندوستان (مِنی انڈیا) کہا، اور مسٹر نٹراجن چندر شیکرن، چیئرمین، ٹاٹا سنز نے اے ایم یو کو ایک بے مثال ادارہ قرار دیا“۔

پروفیسر منصور نے پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والی نامور کمپنیوں میں سے ایک ”کے پی ایم جی“ کی ٹیم کے اراکین کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ دیرپا شراکت داری کی امید ظاہر کی۔

مسٹر یزدی ناگپور والا، سی ای او، کے پی ایم جی نے اپنے سابق رفیق کو والہانہ خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے اے ایم یو سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد کارپوریٹ دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کیا۔

مسٹر پردیپ ادھاس، سینئر پارٹنر، کے پی ایم جی انڈیا نے بھی بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ میں یادگاری ستون کی نقاب کشائی سے قبل آنجہانی اکھل بنسل کو شایان شان خراج عقیدت پیش کیا۔

انھوں نے کہا ”اکھل بنسل نے ہمیشہ طلبہ کو اپنے کیریئر میں بہترین کارکردگی اور اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے لئے متحرک کیا۔ اس کا نام یہاں ہمیشہ زندہ رہے گا“۔ قبل ازیں پروفیسر سلمیٰ احمد، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، اے ایم یو نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

پروفیسر جمال اے فاروقی، چیئرمین، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے تعارفی کلمات ادا کئے، جب کہ پروفیسر پرویز طالب نے شکریہ ادا کیا۔ مسٹر اکھل بنسل کی اہلیہ محترمہ گریما بنسل اور ان کے بیٹے مسٹر اگریم بنسل اس موقع پر موجود تھے۔ اگریم بنسل نے اظہار خیال بھی کیا۔.

پروفیسر فضا تبسم اعظمی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ پروگرام میں فیکلٹی ممبران، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔