علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان زمین کی ملکیت کو لے کر پیدا ہونے والا تنازع ضلع مجسٹریٹ اونییش کمار کی جانب سے جوں کی توں صورتِ حال برقرار رکھنے کے حکم کے بعد فی الحال تھم گیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ دونوں فریق سرکاری ادارے ہیں، اس لیے کسی بھی طرح کا تصادم مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو قانونی طریقۂ کار کے تحت خوش اسلوبی سے حل کیا جانا چاہیے۔
کمار نے کہا کہ جب تک سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کی عدالت میں زیرِ التوا معاملے پر فیصلہ نہیں آ جاتا، اس وقت تک متنازعہ زمین اے ایم یو کے قبضے میں ہی رہے گی۔ علی گڑھ میں تقریباً 3.8 ایکڑ زمین کو لے کر یہ تنازع جمعرات کو اس وقت شروع ہوا، جب میونسپل کارپوریشن کے افسران نے اس زمین کی چہار دیواری اور گھیراؤ کا کام شروع کر دیا تھا۔ یہ زمین اے ایم یو رائیڈنگ کلب کے میدان کا حصہ ہے۔