امت شاہ گوہاٹی کی سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے پروجیکٹ شروع کریں گے: ہمنتا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-12-2025
امت شاہ گوہاٹی کی سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے پروجیکٹ شروع کریں گے: ہمنتا
امت شاہ گوہاٹی کی سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے پروجیکٹ شروع کریں گے: ہمنتا

 



گوہاٹی/ آواز دی وائس
آسام کے وزیرِ اعلیٰ ہمنت بسوا سرما نے ہفتہ کے روز کہا کہ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ شہر کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے گوہاٹی پولیس کمشنریٹ کی نئی عمارت اور انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم (آئی سی سی ایس) کا افتتاح کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ امت شاہ پیر کے روز ریاست کے دورے کے دوران ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
ہمنت بسوا سرما کے مطابق آئی سی سی ایس کے تحت گوہاٹی میں 2,000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کی جائے گی، تاکہ ریاست میں سکیورٹی اور ہنگامی ردِعمل کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
وزیرِ اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ گوہاٹی کی سکیورٹی کو مضبوط بناتے ہوئے معزز امت شاہ 29 دسمبر کو گوہاٹی کے نئے پولیس کمشنریٹ اور انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ یہ مرکز سکیورٹی اور ایمرجنسی رسپانس نظام کو مضبوط کرنے کے لیے 2,000 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کرے گا۔ امت شاہ پیر کے روز ناگاؤں ضلع میں واقع ویشنو سنت شری منت شنکردیو کی جائے پیدائش بٹدروہ تھان بھی جائیں گے، جہاں وہ اس روحانی مقام کی از سرِ نو ترقی سے متعلق منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے اس سے قبل کہا تھا کہ ریاستی حکومت نے اس مقام کی پاکیزگی اور وقار کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ تجاوزات سے پاک بٹدروہ تھان اب اس بات کی روشن مثال ہے کہ ہماری وراثت کے تحفظ کے لیے مضبوط عزم کیا کچھ کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ امت شاہ گوہاٹی میں 5,000 نشستوں کی گنجائش والے آڈیٹوریم ’جیوٹی وشنو ثقافتی کمپلیکس‘ کا بھی افتتاح کریں گے۔