قومی سلامتی حکمت عملی کانفرنس : امیت شاہ شرکت کریں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 24-08-2026
 قومی سلامتی حکمت عملی کانفرنس : امیت شاہ شرکت کریں گے
قومی سلامتی حکمت عملی کانفرنس : امیت شاہ شرکت کریں گے

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون امیت شاہ 24 اور 25 اگست کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی 9ویں قومی سلامتی حکمت عملی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس ہائبرڈ انداز میں منعقد ہوگی جس میں افسران بالمشافہ اور آن لائن دونوں طریقوں سے شریک ہوں گے۔دو روزہ کانفرنس میں ملک بھر کی مختلف سلامتی اور پولیس فورسز کے 850 سے زائد افسران قومی سلامتی سے متعلق موجودہ مسائل اور ابھرتے ہوئے چیلنجز پر غور و خوض کریں گے۔

گزشتہ سال 8ویں قومی سلامتی حکمت عملی کانفرنس 2025 کا افتتاح بھی امیت شاہ نے نئی دہلی میں کیا تھا۔ اس کانفرنس میں ملک بھر سے تقریباً 800 افسران نے شرکت کی تھی۔ مرکزی داخلہ سکریٹری نائب قومی سلامتی مشیر اور مرکزی مسلح پولیس فورسز اور مرکزی پولیس تنظیموں کے سربراہان بھی دہلی میں منعقدہ کانفرنس میں شریک ہوئے تھے۔ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پولیس سربراہان کے علاوہ نچلی سطح پر براہ راست خدمات انجام دینے والے نوجوان پولیس افسران اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے اپنے اپنے ریاستی دارالحکومتوں سے آن لائن شرکت کی تھی۔

کانفرنس کے پہلے روز ملک کے مفادات کے مخالف بیرونی عناصر اور ان کے اندرونی روابط سمیت منشیات کی تجارت میں ان کے ممکنہ کردار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خفیہ پیغام رسانی کی ایپس اور جدید ٹیکنالوجی کے غیر قانونی استعمال سے پیدا ہونے والے چیلنجز کے ساتھ ہجوم کے انتظام اور غیر آباد جزیروں کی سلامتی کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی غور ہوگا۔ دہشت گردی کی مالی معاونت کا مسئلہ بھی زیر بحث آئے گا۔

کانفرنس کے دوسرے روز شہری ہوا بازی اور بندرگاہوں کی سلامتی انسداد دہشت گردی بائیں بازو کی انتہا پسندی اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔2016 میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرلز اور انسپکٹر جنرلز کی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ہدایت دی تھی کہ قومی سلامتی حکمت عملی کانفرنس ہر سال منعقد کی جائے تاکہ زمینی سطح پر کام کرنے والے تجربہ کار افسران اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے تعاون سے قومی سلامتی کے بڑے چیلنجز کا حل تلاش کیا جاسکے۔سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر 2021 سے اس کانفرنس کو وسیع تر شرکت یقینی بنانے کے لیے ہائبرڈ انداز میں منعقد کیا جا رہا ہے۔