امت شاہ نے بی جے پی کا انتخابی بگل بجایا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-10-2025
امت شاہ نے  بی جے پی کا انتخابی بگل بجایا
امت شاہ نے بی جے پی کا انتخابی بگل بجایا

 



سارن/ آواز دی وائس
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز ضلع سارن میں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کا انتخابی بگل بجا دیا۔ وہ ترائیا کے موجودہ ایم ایل اے جنک سنگھ اور امنور اسمبلی حلقے سے پارٹی کے امیدوار کرشن کمار منٹو کے حق میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ترائیا میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے بہار کے نوجوانوں کو سابق وزیر اعلیٰ لالو یادو کے "جنگل راج" کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے گزشتہ 20 برسوں میں اس نظام کو ختم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انتخابی مہم کی شروعات سارن سے کی جاتی ہے تو جیت یقینی نظر آتی ہے۔ چھپرا اور سارن سے بہتر جگہ کوئی نہیں، جہاں بہار کے نوجوانوں کو لالو اور رابعی دیوی کے جنگل راج کی یاد دلائی جا سکے اور عہد کیا جا سکے کہ ہم پھر کبھی ایسے دور کو واپس نہیں آنے دیں گے۔ امت شاہ نے مزید کہا کہ نتیش کمار نے بہار کو جنگل راج سے آزاد کرایا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ 11 برسوں میں بہار کی ترقی کے لیے بے مثال کام کیا ہے۔ مودی جی کے 11 سال غریبوں کے لیے برکت کے سال ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ این ڈی اے بہار کے انتخابات نتیش کمار کی قیادت میں لڑ رہا ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ بہار کے عوام کو اس سال چار دیوالیاں منانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہار میں نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس بار بہار کے لوگوں کے پاس چار بار دیوالی منانے کا موقع ہے۔
پہلی دیوالی وہ ہے جب بھگوان رام ایودھیا واپس آئے۔ دوسری دیوالی وہ ہے جب نتیش جی اور مودی جی نے بہار کی خواتین کو 10,000 روپے دیے۔تیسری دیوالی 395 اشیاء پر جی ایس ٹی میں کمی کے باعث ہے، جس سے ٹیکس اب 5 فیصد یا صفر فیصد رہ گیا ہے۔ اور چوتھی دیوالی وہ ہوگی جب این ڈی اے سب سے بڑی اکثریت کے ساتھ جیت کر لالو، راہل اور ان کے ساتھیوں کو شکست دے گا۔
امت شاہ نے آپریشن سندور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لالو پرساد اور کانگریس کے دور میں دہشت گرد ’خون کی ہولی‘ کھیلتے تھے، لیکن مودی جی نے آپریشن سندور کے ذریعے دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں پر جا کر ختم کر دیا۔  بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے پولنگ 6 اور 11 نومبر کو ہوگی، جب کہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔  این ڈی اے نے نشستوں کی تقسیم کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے مطابق بی جے پی اور جنتا دل (یونائیٹڈ) دونوں 101-101 نشستوں پر انتخاب لڑیں گے۔
مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کی ہندستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور راجیہ سبھا کے رکن اپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کو 6، 6 نشستیں دی گئی ہیں، جب کہ مرکزی وزیر چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) 29 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔