گروگرام/ آواز دی وائس
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کے روز نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کی جانب سے تیار کردہ قومی آئی ای ڈی ڈیٹا مینجمنٹ پلیٹ فارم کا افتتاح کیا۔ مرکزی وزیر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ایک لنک کے ذریعہ اس پلیٹ فارم کا افتتاح کیا۔ یہ پلیٹ فارم مانیسَر میں واقع نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کیمپ میں قائم ہے۔
یہ پلیٹ فارم ملک بھر سے جمع کیے گئے دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈی) سے متعلق ڈیٹا کو یکجا کرے گا، اس کا تجزیہ کرے گا اور اسے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ شیئر کرے گا۔ اے آئی سے لیس یہ ڈیٹا بیس مختلف بم دھماکوں کے واقعات کے درمیان ’’خصوصی روابط‘‘ قائم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ پرعزم منصوبہ دہشت گردی کے خلاف کام کرنے والے کمانڈو دستے این ایس جی کے نیشنل بم ڈیٹا سینٹر (این بی ڈی سی) کا حصہ ہے، جو ملک میں ہونے والے ہر قسم کے بم دھماکوں کا تجزیہ کرتا ہے، ساتھ ہی عالمی سطح پر پیش آنے والے بڑے دھماکوں کا بھی تجزیہ کرتا ہے۔