نئی دہلی
امت شاہ نے منگل کے روز سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں کو اس کے 57ویں یومِ تاسیس کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے سی آئی ایس ایف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فورس کی غیر متزلزل وابستگی، ملک کی خدمت اور حب الوطنی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے لکھا،
“سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں کو یومِ تاسیس کی مبارکباد۔ چاہے ملک کے اہم تنصیبات کی حفاظت ہو یا بحران کے وقت قوم کی ڈھال بننا، ان کی لگن حقیقی حب الوطنی اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔ ان شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
اس سے قبل جمعہ کو اڑیسہ کے شہر كٹك میں سی آئی ایس ایف کے 57ویں یومِ تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے نکسل ازم کے خاتمے میں سی آئی ایس ایف کے “اہم کردار” کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت والی حکومت 31 مارچ 2026 تک ملک کو نکسل ازم سے آزاد کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول میں سی آئی ایس ایف نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا كہ چاہے اڑیسہ ہو، چھتیس گڑھ ہو یا تلنگانہ ، سی آئی ایس ایف نے نکسل ازم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ 31 مارچ 2026 تک یہ ملک نکسل ازم سے آزاد ہوگا۔ ہماری سکیورٹی فورسز ان لوگوں کو مکمل طور پر شکست دیں گی جو تروپتی سے پشوپتی ناتھ مندر تک سرخ راہداری قائم کرنے اور اپنی بالادستی قائم کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔
امیت شاہ نے ملک کے لیے سی آئی ایس ایف اہلکاروں کی “بہادری اور قربانی” کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات پر شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا كہ 56 برسوں میں سی آئی ایس ایف نے نہ صرف اپنے اصل مقصد کو پورا کیا بلکہ ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے خود کو مضبوط بھی بنایا ہے۔ بہادری اور قربانی ہندوستان کی شاندار تاریخ کی پہچان ہیں۔ انہی خوبیوں کو لگن کے ساتھ جوڑ کر اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر سی آئی ایس ایف نے ہر طرح کے چیلنج کا سامنا کرنے کا حوصلہ دکھایا ہے۔ میں فورس کے تمام اہلکاروں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
جمعہ کے روز امیت شاہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت اڑیسہ کے ہر گاؤں میں مضبوط ڈیری کوآپریٹو نیٹ ورک قائم کرنے کی سمت میں کام کرے گی، جیسا کہ گجرات میں کامیاب ماڈل دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دیہی روزگار کو مضبوط کرنا اور خاص طور پر قبائلی اور دیگر پسماندہ طبقات کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔
انہوں نے انڈین فارمرز فرٹیلائزر کوآپریٹو لمیٹڈ (اِفکو) کے پرادیپ یونٹ میں سلفیورک ایسڈ پلانٹ کی تیسری اسٹریم کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ اس توسیع سے کھاد کی پیداوار میں خود کفالت کی سمت میں ملک کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا كہ آج گجرات میں تقریباً 36 لاکھ دیہی خواتین کے ذریعے امول ایک تحریک بن چکا ہے اور آج امول کا کاروبار تقریباً 1.3 لاکھ کروڑ روپے کا ہے۔ اس کا منافع ایک ایک پیسے تک گجرات کی مویشی پالنے والی خواتین کو جاتا ہے۔ اسی طرح ہم اڑیسہ کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا کر یہاں کی قبائلی اور او بی سی ماؤں اور بہنوں کو خوشحال بنانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں مرکز اور ریاستی حکومت مل کر ریاست کے ہر گاؤں میں ڈیری کوآپریٹو قائم کرنے کا پروگرام شروع کریں گی، بالکل اسی طرح جیسے گجرات میں کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔