امت شاہ نےایم ایچ اے کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-01-2026
امت شاہ نےایم ایچ اے کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی
امت شاہ نےایم ایچ اے کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی

 



پورٹ بلیئر/ آواز دی وائس
ہندوستان کے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز انڈمان و نکوبار میں وزارتِ داخلہ کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ اجلاس انڈمان کے واندور میں واقع ہوٹل سی پرنسس میں منعقد ہوا، جہاں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکینِ پارلیمان نے وزیرِ داخلہ کے ساتھ وزارت کے دائرۂ اختیار سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزارتِ داخلہ کی مشاورتی کمیٹی اراکینِ پارلیمان اور وزیرِ داخلہ کے درمیان غیر رسمی تبادلۂ خیال کا ایک پلیٹ فارم ہے، جس میں وزرائے مملکت بھی شامل ہوتے ہیں۔ یہ کمیٹی وزارت کی پالیسیوں، پروگراموں اور ان کے نفاذ سے متعلق امور پر مشاورتی کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے ذریعے داخلی سلامتی، حکمرانی، سرحدی انتظام، سائبر جرائم اور فوجداری انصاف میں اصلاحات جیسے موضوعات پر گفتگو کی جاتی ہے۔
اس کمیٹی میں مجموعی طور پر 30 اراکینِ پارلیمان شامل ہیں، جن میں لوک سبھا کے 14 اور راجیہ سبھا کے 16 اراکین شامل ہیں۔ امیت شاہ اس کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ اس میٹنگ میں وزارتِ داخلہ کے وزرائے مملکت نتیانند رائے اور بندی سنجے کمار نے بھی شرکت کی۔
میٹنگ کے بعد امیت شاہ سری وجے پورم کے آئی ٹی ایف میدان میں نوین نیائے سنہتا پر ایک نمائش کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ سری وجے پورم کے نیتا جی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران انڈمان و نکوبار انتظامیہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
امیت شاہ جمعہ کی شام دو روزہ دورے پر انڈمان و نکوبار پہنچے تھے۔ انہیں سری وجے پورم کے ویر ساورکر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لیفٹیننٹ گورنر ایڈمرل ڈی کے جوشی، جزائر کے چیف سیکریٹری، سینئر حکام اور مقامی پنچایتی نمائندوں کی جانب سے پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹریٹ، انڈمان و نکوبار نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ “ہندوستان کے معزز وزیرِ داخلہ امیت شاہ جی کے دو روزہ دورۂ نیو انڈمان (2 تا 4 جنوری 2026) کے موقع پر آج انہیں ویر ساورکر بین الاقوامی ہوائی اڈے، سری وجے پورم میں ایڈمرل ڈی کے جوشی، جزائر کے ڈی جی پی، سینئر افسران اور پی آر آئی اراکین کی جانب سے پُرجوش استقبال کیا گیا۔”