ہندوستان 31 مارچ تک نکسل ازم سے آزاد ہو جائے گا: امت شاہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-03-2026
ہندوستان 31 مارچ تک نکسل ازم سے آزاد ہو جائے گا: امت شاہ
ہندوستان 31 مارچ تک نکسل ازم سے آزاد ہو جائے گا: امت شاہ

 



کٹک
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز 31 مارچ 2026 تک ملک سے نکسل ازم کو ختم کرنے کے عزم کو ضرور پورا کریں گی۔کٹک میں سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے 57ویں ریزنگ ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے نکسل ازم کے خاتمے میں سی آئی ایس ایف کے "اہم کردار" کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا كہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت 31 مارچ 2026 تک ملک کو نکسل ازم سے آزاد کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور اس کوشش میں سی آئی ایس ایف نے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ چاہے اوڈیشہ ہو، چھتیس گڑھ ہو یا تلنگانہ، ہر جگہ نکسل ازم کے خاتمے میں سی آئی ایس ایف کی بڑی اہمیت رہی ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ 31 مارچ 2026 تک یہ ملک نکسل ازم سے مکمل طور پر آزاد ہو جائے گا۔ ہماری سکیورٹی فورسز اُن لوگوں کو پوری طرح شکست دیں گی جو تروپتی سے پشوپتی تک ریڈ کوریڈور بنانے اور اپنی بالادستی قائم کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔
ملک کے لیے سی آئی ایس ایف اہلکاروں کی بہادری اور قربانی کی تعریف کرتے ہوئے امت شاہ نے ان کی خدمات پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔انہوں نے کہا كہ گزشتہ 56 برسوں میں سی آئی ایس ایف نے نہ صرف اپنے اصل مقصد کو پورا کیا بلکہ ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے خود کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ بہادری اور قربانی ہندوستان کی شاندار تاریخ کی پہچان رہی ہیں۔ انہی خصوصیات کو لگن کے ساتھ جوڑ کر اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر سی آئی ایس ایف نے ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ دکھایا ہے۔ میں فورس کے تمام اہلکاروں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
امت شاہ اوڈیشہ کے شہر کٹک میں خارویلا ریجنل ٹریننگ سینٹر، منڈالی میں منعقدہ سی آئی ایس ایف کے 57ویں ریزنگ ڈے پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔ریاست پہنچنے پر بھوبنیشور ایئرپورٹ پر اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے ان کا استقبال کیا۔ وہ ریاست میں مختلف عوامی پروگراموں میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
امت شاہ بھوبنیشور میں نیشنل فارنزک سائنسز یونیورسٹی (این ایف ایس یو) کے کیمپس کے قریب قائم ہونے والی سنٹرل فارنزک سائنس لیبارٹری (سی ایف ایس ایل) کا بھومی پوجن بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ بھوبنیشور میں نیو نیائے سنہیتا پر مبنی ایک نمائش کا افتتاح کریں گے اور ایک موبائل فارنزک وین کو بھی روانہ کریں گے۔