امت شاہ ایک روزہ دورے پر آسام پہنچے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-12-2025
امت شاہ ایک روزہ دورے پر آسام پہنچے
امت شاہ ایک روزہ دورے پر آسام پہنچے

 



گوہاٹی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ پیر کے روز آسام کے ایک روزہ دورے پر گوہاٹی پہنچے، جہاں وہ کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما، مرکزی وزیر سربانند سونووال، بی جے پی کی آسام یونٹ کے انچارج بیجینت پانڈا، پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر دلیپ سیکیا اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران نے گوہاٹی کے لوکپریہ گوپیناتھ بردولوئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امت شاہ کا استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا کہ گوہاٹی ہوائی اڈے پر امت شاہ کا استقبال کر کے خود کو اعزاز یافتہ محسوس کر رہا ہوں۔ ان کا یہ دورہ آسام کے لیے ترقی اور ثقافتی احیا کی ایک نئی صبح لے کر آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کی رہنمائی کے لیے پُرجوش ہیں۔ وہ عوام کے لیے کئی اہم منصوبے وقف کریں گے۔
ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد امت شاہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ناگاؤں ضلع کے بردُوا روانہ ہوئے، جہاں وہ ویشنو سنت شری منت شنکر دیو کی جائے پیدائش بٹدرووا تھان کی 227 کروڑ روپے لاگت والی ازسرِ نو ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کریں گے اور ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد امت شاہ واپس گوہاٹی آئیں گے، جہاں وہ غیر قانونی دراندازی کے خلاف ہونے والی آسام تحریک کے شہدا کو نو تعمیر شدہ ‘شہید اسمارک علاقہ’ میں خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
وہ 111 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے گوہاٹی پولیس کمشنریٹ کے نئے دفتر اور 189 کروڑ روپے کی لاگت والی انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم (آئی سی سی ایس) کا بھی افتتاح کریں گے، جس سے شہر کی سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سرما نے بتایا کہ آئی سی سی ایس کے ذریعے گوہاٹی میں 2,000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کی جائے گی، جس سے ریاست میں سکیورٹی اور ہنگامی ردِعمل کے نظام کو تقویت ملے گی۔
امت شاہ گوہاٹی میں 291 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ ‘جیوَتی بِشنو ثقافتی کمپلیکس’ کا بھی افتتاح کریں گے، جس میں 5,000 نشستوں کی گنجائش والا ایک بڑا آڈیٹوریم شامل ہے۔