جموں: حکام نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ہمالیائی علاقے میں واقع مقدس امرناتھ غار کے درشن کے لیے ہفتہ کے روز 9,182 یاتریوں پر مشتمل دسویں قافلہ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوا۔ ان یاتریوں میں 2,435 خواتین بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق قافلے میں 256 سادھو، 46 سادھویاں اور 31 بچے بھی شامل ہیں۔ یہ تمام یاتری سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان علی الصبح الگ الگ قافلوں کی صورت میں اننت ناگ کے ننون-پہلگام اور گاندربل کے بالتل بیس کیمپوں کے لیے روانہ ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ 206 گاڑیوں پر مشتمل قافلے میں 5,877 یاتری پہلگام بیس کیمپ جا رہے ہیں، جبکہ 127 گاڑیوں میں سوار 3,305 یاتریوں نے بالتل کے راستے کو ترجیح دی ہے۔ 3 جولائی سے شروع ہونے والی 57 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا 3,880 میٹر بلند مقدس غار تک دونوں راستوں سے جاری ہے۔ یہ یاترا 28 اگست کو، جو اس سال راکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر ہے، اختتام پذیر ہوگی۔ اس سال اب تک دو لاکھ سے زیادہ یاتری مقدس امرناتھ غار کے درشن کر چکے ہیں۔