نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر میں امرناتھ یاترا پر جانے والے عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی یاترا کے بجٹ کا کم از کم 10 فیصد حصہ مقامی طور پر تیار کی گئی اشیا خریدنے پر خرچ کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے جموں و کشمیر کے دستکاروں، تاجروں اور نوجوانوں کے روزگار کو تقویت ملے گی۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہندی میں ایک کھلا خط جاری کرتے ہوئے امرناتھ یاترا کے دوران پانچ عہد اپنانے کی اپیل کی۔ ان عہدوں کا تعلق صفائی، حفاظت، ماحولیات کے تحفظ، مقامی روزگار کے فروغ اور قوم کی تعمیر سے ہے۔ مودی کی جانب سے تجویز کیے گئے پانچ عہد یہ ہیں: کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی تیار کردہ اشیا خرید کر مقامی دستکاروں، تاجروں اور روزگار کی مدد کریں۔ پوری یاترا کے دوران صفائی برقرار رکھتے ہوئے "سوچھ شری امرناتھ جی یاترا" کو کامیاب بنائیں۔ "ایک پیڑ ماں کے نام" مہم کے تحت رکشا بندھن پر ایک پودا تحفے میں دیں تاکہ ماحولیات کے تحفظ کو فروغ ملے۔ یاترا کے دوران انتظامیہ کی جانب سے جاری تمام ہدایات اور حفاظتی مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔ "نیشن فرسٹ" کے جذبے کے ساتھ وکست بھارت (ترقی یافتہ بھارت) کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ "ووکل فار لوکل" کے جذبے کو اپناتے ہوئے یاترا کے بجٹ کا کم از کم 10 فیصد مقامی مصنوعات پر خرچ کیا جائے تاکہ جموں و کشمیر کے خاندانوں اور نوجوانوں کی معاشی حالت مضبوط ہو۔ انہوں نے شری امرناتھ جی یاترا کو بھارت کی روحانی روایت اور ثقافتی یکجہتی کی ایک دائمی علامت قرار دیا۔ مودی نے کہا کہ ہر یاتری کی ذمہ داری ہے کہ وہ یاترا کے تقدس کو برقرار رکھنے کے ساتھ سماجی ہم آہنگی، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی معیشت کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔
ان کے مطابق یاترا صرف ایک مذہبی سفر نہیں بلکہ معاشرے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا بھی ایک موقع ہے۔ 3 جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا میں ملک اور بیرونِ ملک سے ہزاروں عقیدت مند شریک ہو رہے ہیں۔ یاتری پہلگام اور بالتل کے دونوں راستوں سے سخت حفاظتی اور انتظامی انتظامات کے تحت مقدس غار تک پہنچ رہے ہیں۔ بالتل سے مقدس غار تک کا راستہ تقریباً 14 سے 16 کلومیٹر جبکہ ننون (پہلگام) سے تقریباً 48 کلومیٹر طویل ہے، جو دشوار پہاڑی راستوں، سبز میدانوں اور برفانی علاقوں سے گزرتا ہے۔ یاتری عموماً یہ سفر تین سے پانچ دن میں مکمل کرتے ہیں۔
اپنے خط میں وزیراعظم نے لکھا: "پیارے عقیدت مندوں، ہر ہر مہادیو! جے بابا برفانی! جموں و کشمیر میں مقدس امرناتھ یاترا میں شرکت اپنے آپ میں ایک بڑا اعزاز ہے۔ بابا برفانی کی برکت حاصل کرنے کا سلسلہ جیٹھ پورنیما کے دن ہونے والی پہلی پوجا سے شروع ہوتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ بابا امرناتھ کی برکت حاصل کرنے کی یہ یاترا بھارت کی روحانی روایت کا ایک لازوال باب ہے۔ مودی نے کہا کہ ہر سال دنیا بھر سے سناتن روایت سے وابستہ لاکھوں عقیدت مند جموں و کشمیر آتے ہیں۔ مختلف زبانیں بولنے والے اور مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے لوگ مہادیو کی عقیدت میں اس یاترا میں شریک ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے شری امرناتھ شرائن بورڈ، جموں و کشمیر انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے شرائن بورڈ اور حکومت جموں و کشمیر خدمت کے جذبے کے ساتھ اس یاترا کا کامیاب انتظام کرتے آ رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز یاترا کے محفوظ انعقاد میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوج، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، آئی ٹی بی پی، بی ایس ایف، این ڈی آر ایف، ڈاکٹروں، طبی عملے، انتظامی افسران، صفائی کارکنوں اور تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جو یاتریوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ مودی نے کہا کہ ان دو مہینوں کے دوران بابا برفانی کا مقدس دھام بھارت کے "تنوع میں اتحاد" کی بہترین تصویر پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یاترا جموں و کشمیر کی مہمان نوازی اور ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کی عقیدت کو بھی نمایاں کرتی ہے۔ یاترا کے ہر مرحلے پر مقامی لوگ یاتریوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، جبکہ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے عقیدت مند راستے میں بھنڈاروں (لنگر) کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بے لوث خدمت کا یہی جذبہ سناتن روایت اور "سروے بھونتو سکھنہ" (سب خوش رہیں) کے عظیم اصول کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔