کولکتہ
مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کے روز کولکتہ پولیس کی جانب سے خواتین کے تحفظ اور اعتماد میں مزید اضافہ کے لیے دو نئی اسکیموں کے آغاز کا اعلان کیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں بنرجی نے بتایا کہ شہر کے اہم چوراہوں پر صرف خواتین اہلکاروں پر مشتمل کئی “پنک بوتھس” قائم کیے جائیں گے، جو شام سے آدھی رات تک فعال رہیں گے۔انہوں نے کہا كہ شہر میں میری بہنیں ان بوتھس میں کسی بھی مدد کے لیے کولکتہ پولیس کی خواتین اہلکاروں سے براہِ راست رابطہ کر سکیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ نے صرف خواتین پر مشتمل موبائل پٹرولنگ ٹیموں کی تعیناتی کا بھی اعلان کیا، جنہیں انہوں نے “شائننگ” کا نام دیا ہے۔ یہ ٹیمیں رات 8 بجے سے 2 بجے تک ڈیوٹی پر رہیں گی اور ای ایم بائی پاس سمیت دیگر بڑی سڑکوں پر گشت کریں گی، جنہیں رات کے اوقات میں کام کرنے والی خواتین زیادہ استعمال کرتی ہیں۔
بنرجی نے لکھاكہ “کئی ‘شائننگ’ (جیسا کہ میں نے ان کا نام رکھا ہے) صرف خواتین پر مشتمل موبائل پٹرولنگ ٹیمیں رات 8 بجے سے 2 بجے تک ای ایم بائی پاس اور شہر کی دیگر اہم سڑکوں پر گشت کریں گی، جو رات کے وقت کام کرنے والی میری بہنوں کے زیرِ استعمال رہتی ہیں۔
یہ کہتے ہوئے کہ “کولکتہ گزشتہ کئی برسوں سے ملک کا سب سے محفوظ شہر رہا ہے”، وزیرِ اعلیٰ نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ دونوں “منفرد نئی اسکیمیں” شہر میں خواتین کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
کولکتہ پولیس کے حکام سے توقع ہے کہ وہ دن کے اواخر میں ان اقدامات کی عملی تفصیلات اور تعیناتی کی حکمتِ عملی سے متعلق مزید معلومات فراہم کریں گے۔