تیزاب کیس گرفتار شدہ تینوں ملزم موقعِ واردات پر موجود نہیں تھے- پولیس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-10-2025
تیزاب کیس  گرفتار شدہ تینوں ملزم موقعِ واردات پر موجود نہیں تھے- پولیس
تیزاب کیس گرفتار شدہ تینوں ملزم موقعِ واردات پر موجود نہیں تھے- پولیس

 



 نئی دہلی [بھارت]، 29 اکتوبر (اے این آئی):

دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) رویندر یادو نے بتایا کہ دہلی یونیورسٹی کی ایک طالبہ پر مبینہ تیزاب حملے کے معاملے میں نامزد تینوں افراد واقعے کے وقت موقع پر موجود نہیں تھے۔

انہوں نے بتایا، "جیسے ہی ہمیں حملے کی اطلاع ملی، فوراً مقدمہ درج کیا گیا۔ تفتیش کے دوران کچھ تضادات سامنے آئے۔ ہمیں پتا چلا کہ یہ پوری کہانی گھڑی ہوئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ جن افراد کے نام لیے گئے وہ واقعے کی جگہ پر موجود نہیں تھے۔ اس کے بعد پتہ چلا کہ لڑکی کے والد پر پہلے سے ہی چھیڑ چھاڑ اور مارپیٹ کا مقدمہ درج ہے۔ شک ہے کہ انہوں نے شکایت کنندہ کے شوہر کو پھنسانے کے لیے یہ سارا ڈرامہ رچایا۔"

تیزاب حملے کے اس کیس میں پہلے نامزد جتیندر نے بھی بتایا کہ واقعے کے وقت وہ اپنی ڈیوٹی پر تھا۔
اس نے کہا، "شام تقریباً سات بجے میں ڈیوٹی پر تھا کہ میری بیوی کا فون آیا۔ اس نے بتایا کہ میرا نام اس کیس میں لیا جا رہا ہے، لیکن فکر نہ کروں اور کام ختم ہوتے ہی سیدھا تھانے آ جاؤں۔ میں اس لڑکی یا اس کے بتائے دیگر لوگوں کو جانتا تک نہیں۔ واقعے کے وقت میں کرول باغ میں اپنی ڈیوٹی پر تھا۔ پولیس نے بعد میں مجھے کلین چِٹ دے دی۔"

جتیندر کی بیوی نے بتایا کہ اس نے عقیل خان کے خلاف ہراسانی کی شکایت درج کرائی تھی، اور بدلے میں لڑکی کے والد نے اپنے خاندان کے ساتھ مل کر اس کے شوہر کو جھوٹے کیس میں پھنسایا۔
اس نے کہا، "میرا شوہر بے قصور ہے۔ اس لڑکی، اس کے والد اور ان کے پورے گھرانے نے سازش کی ہے۔ میں نے بھلسوا تھانے میں عقیل خان کے خلاف شکایت کی تھی، اور اسی سے بچنے کے لیے انہوں نے میری شکایت کو جھٹلانے کے لیے یہ جھوٹا واقعہ گھڑا۔ میرے شوہر کے خلاف یہ الزام بالکل بے بنیاد ہے۔"

پولیس کے مطابق، تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ دراصل لڑکی پر تیزاب پھینکا ہی نہیں گیا تھا۔ بلکہ ملزم عقیل کی بیٹی نے خود اپنے گھر سے ٹوائلٹ کلینر لیا اور اپنے ہاتھوں پر ڈال کر جھوٹا مقدمہ درج کرایا۔

دہلی پولیس نے پیر کے روز اس لڑکی کے والد عقیل کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور اس پورے واقعے کے پیچھے کی سازش کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔