ترنمول کانگریس میں قیادت پر تنازع

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
ترنمول کانگریس میں قیادت پر تنازع
ترنمول کانگریس میں قیادت پر تنازع

 



کولکتہ
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں جاری اندرونی بحران کے دوران باغی اراکین اسمبلی نے ممتا بنرجی کی جگہ اروپ رائے کو پارٹی کا چیئرپرسن منتخب کر لیا، جبکہ سابق وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کو پارٹی عہدیداروں کی فہرست جمع کرا دی، جس میں خود کو ترنمول کانگریس کی سربراہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پیر کے روز مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کے کم از کم 58 اراکین اسمبلی کی بغاوت کے بعد اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رتابرتا بنرجی نے اروپ رائے کو پارٹی کا نیا چیئرپرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا اور ممتا بنرجی سے اپیل کی کہ وہ پارٹی میں سرپرست اور رہنما کا کردار ادا کریں۔
تاہم ممتا بنرجی نے 20 جون، ہفتہ تک کے پارٹی عہدیداروں اور نیشنل ورکنگ کمیٹی (این ڈبلیو سی) کے ارکان کی فہرست الیکشن کمیشن کے ساتھ شیئر کی۔اس فہرست کے مطابق ممتا بنرجی پارٹی کی چیئرپرسن ہیں، جبکہ سبرتا بخشی نائب صدر، ابھیشیک بنرجی قومی جنرل سیکریٹری، ڈیریک اوبرائن اور دولا سینا مشترکہ سیکریٹریز اور سبھاشیش چکرورتی خزانچی کے عہدوں پر فائز ہیں۔
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کو 24 رکنی نیشنل ورکنگ کمیٹی کی فہرست بھی فراہم کی۔دوسری جانب ٹی ایم سی کی تادیبی کمیٹی نے کئی سینئر رہنماؤں کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں فرہاد حکیم، اروپ بسواس، اروپ رائے، جاوید خان، رتھن گھوش، بپلاب مترا، سنیہاسس چکرورتی اور صبینہ یاسمین شامل ہیں۔
ان رہنماؤں پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر پارٹی مخالف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔یہ پیش رفت اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں رتابرتا بنرجی نے اروپ رائے کو ٹی ایم سی کا نیا سربراہ قرار دیتے ہوئے 30 رکنی نیشنل ورکنگ کمیٹی کا بھی اعلان کیا تھا۔
مغربی بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رتابرتا بنرجی نے کہا کہ آج آل انڈیا ترنمول کانگریس کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں مندوبین کے متفقہ انتخاب کے ذریعے آل انڈیا ترنمول کانگریس کمیٹی اور نیشنل ورکنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اروپ رائے کو آل انڈیا ترنمول کانگریس کا چیئرپرسن منتخب کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 29 دیگر اراکین کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد نیشنل ورکنگ کمیٹی کی مجموعی تعداد 30 ہو گئی ہے۔رتابرتا بنرجی کے مطابق کمیٹی میں فرہاد حکیم، اروپ بسواس، رتھن گھوش، صبینہ یاسمین، رتابرتا بنرجی، جاوید خان، سندیپن ساہا اور دیگر رہنما شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرہاد حکیم، اروپ بسواس، رتھن گھوش اور صبینہ یاسمین کو نائب صدور مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جلد ہی ضلعی صدور اور ضلعی کمیٹیوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
رتابرتا بنرجی نے مزید کہا کہ ہم نے بارہا ممتا بنرجی کے کردار کے بارے میں اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ 'دیدی' سرپرست اور رہنما کی ذمہ داری سنبھالیں اور ہماری رہنمائی کریں۔
ترنمول کانگریس اس وقت شدید اندرونی بغاوت کا سامنا کر رہی ہے، جہاں پارٹی کے 80 میں سے کم از کم 58 اراکین اسمبلی نے قیادت کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے الگ دھڑا تشکیل دے لیا ہے۔باغی گروپ نے بعد ازاں رتابرتا بنرجی کی حمایت کرتے ہوئے انہیں مغربی بنگال اسمبلی میں شوبھندیب چٹوپادھیائے کی جگہ قائد حزب اختلاف مقرر کیا۔
پارٹی فنڈز، چیئرپرسن کے عہدے اور انتخابی نشان پر اختیار اس وقت دونوں دھڑوں کے درمیان تنازع کا مرکز بن چکے ہیں، جبکہ ہر فریق خود کو "اصل ترنمول کانگریس" ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔