لیاکی فریڈم جہاز کے عملے کے تمام ارکان محفوظ: وزارت خارجہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-06-2026
لیاکی فریڈم جہاز کے عملے کے تمام ارکان محفوظ: وزارت خارجہ
لیاکی فریڈم جہاز کے عملے کے تمام ارکان محفوظ: وزارت خارجہ

 



نئی دہلی
ہندوستان کی وزارتِ خارجہ (ایم ای اے) نے ہفتہ کے روز بتایا کہ اس نے بحری جہاز لیاکی فریڈم کے کپتان (ماسٹر) سے رابطہ کیا ہے، جنہوں نے تصدیق کی ہے کہ جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔ایم ای اے نے پہلے موصول ہونے والی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بحری جہاز لیاکی فریڈم کے ماسٹر سے بات کی ہے، جنہوں نے تصدیق کی ہے کہ تمام عملہ محفوظ ہے اور اس حوالے سے پھیلائی گئی معلومات غلط ہیں۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی جب بعض ذرائع ابلاغ میں غلط طور پر یہ خبر نشر کی گئی تھی کہ عمان کے ساحل کے قریب لیاکی فریڈم نامی جہاز پر رات کے وقت ہونے والے حملے میں کچھ ہندوستانی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ویسل ٹریکر ڈاٹ کام کے مطابق، لیاکی فریڈم مارشل آئی لینڈز کے پرچم تلے چلنے والا ایک آئل ٹینکر ہے۔
ایم ای اے کے فیکٹ چیک شعبے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بے بنیاد اور جھوٹی خبروں اور دعوؤں سے ہوشیار رہیں۔دریں اثنا، ہفتہ کی علی الصبح وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ انہوں نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلی فون پر بات کی اور خلیج میں امریکی بحریہ کی کارروائیوں پر ہندوستان کا سخت احتجاج درج کرایا، جن میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک ہوئے تھے۔
انہوں نے تجارتی بحری جہازوں کے خلاف اس قسم کی کارروائیوں کو غیر منصفانہ قرار دیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں ایس جے شنکر نے کہا کہ آج شام میری امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے بات ہوئی۔ میں نے خلیج میں امریکی بحریہ کے حملوں پر ہندوستان کا سخت احتجاج دہرایا، جن میں تین ہندوستانی ملاح جان سے گئے۔ تجارتی جہاز رانی کے خلاف اس طرح کی مہلک کارروائیاں کسی بھی طرح جائز نہیں ہیں۔
ان کا یہ بیان خلیجِ عمان میں ایک تجارتی آئل ٹینکر پر امریکی فوجی حملے میں تین ہندوستانی ملاحوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا۔ایم ٹی سیٹے بیلو نامی جہاز بدھ کے روز امریکی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بنا تھا، کیونکہ امریکی حکام کا دعویٰ تھا کہ یہ جہاز ایرانی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔ جہاز پر سوار 24 ہندوستانی عملے کے ارکان میں سے 21 کو بچا لیا گیا، جبکہ تین دیگر کے انتقال کی بعد میں تصدیق ہوئی۔
جمعہ کے روز وزارتِ خارجہ نے امریکہ کے ناظم الامور جیسن میکس کو طلب کر کے عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہازوں پر جاری حملوں کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔یہ سفارتی اقدام ایک اور حالیہ واقعے کے بعد اٹھایا گیا، جس میں 20 ہندوستانی عملے کے ارکان پر مشتمل ایک تجارتی جہاز بھی اسی خطے میں حملے کا نشانہ بنا۔ سمندری سلامتی کے اس بڑھتے ہوئے بحران پر وزارتِ خارجہ کی جانب سے امریکی مشن کو طلب کیے جانے کا یہ دوسرا موقع تھا۔
وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو بتایا تھا کہ ایم ٹی سیٹے بیلو پر حملے میں ہلاک ہونے والے تین ہندوستانی ملاحوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کی میتوں کو جلد از جلد ہندوستان واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ یہ حملے وہاں تعینات امریکی بحریہ کی جانب سے کیے گئے تھے۔ جیسا کہ مختلف رپورٹس اور ہماری وضاحتوں سے واضح ہے، ان واقعات میں شامل تینوں جہاز غیر ملکی پرچم تلے چل رہے تھے۔