لکھنؤ
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے قومی تعلیمی تحقیق و تربیت کونسل (این سی ای آر ٹی) کی جماعت ہشتم کی سماجی علوم کی کتاب سے جڑے تنازع پر جمعہ کو بی جے پی کو نشانہ بنایا اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
کیا بی جے پی حکومت چلا رہی ہے یا من مانی کا سرکس؟
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی پہلے بڑے بڑے الزامات لگاتی ہے اور جب پکڑی جاتی ہے تو بعد میں معذرت ظاہر کرتی ہے۔ان کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب ایک دن قبل سپریم کورٹ نے این سی ای آر ٹی کی اس کتاب کے مستقبل میں کسی بھی اشاعت، دوبارہ اشاعت یا ڈیجیٹل ترسیل پر “مکمل پابندی” عائد کر دی تھی۔
اعلیٰ عدالت نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عدلیہ کو کمزور کرنے اور اس کے وقار کو ٹھیس پہنچانے کے لیے ایک “گہری سازش” اور “منظم کوشش” کی گئی ہے۔اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا كہ جیسے چور کو کھانسی آتی ہے، ویسے ہی مجرم کو جھوٹی معافی سوجھتی ہے۔
انہوں نے کہا كہ بی جے پی والے اپنی بدعنوان سوچ کے تحت پہلے دوسروں پر خود سے کئی گنا بڑے الزامات لگاتے ہیں (جس کا اصل مقصد یہ ہوتا ہے کہ دوسروں پر لگے بڑے الزامات کے سامنے ان کی بدعنوانی معمولی نظر آئے)، لیکن جب پھنس جاتے ہیں تو ‘خید’ ظاہر کرتے ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے صدر نے مزید کہا كہ دکھاوے کی معافی آخرکار پکڑی ہی جاتی ہے۔ ایسے مکار لوگوں کی جھوٹی نیت اور فریب ایک نہ ایک دن بے نقاب ہو ہی جاتا ہے، جو یہ ثابت کر دیتا ہے کہ وہ قصوروار ہیں، بے قصور نہیں۔
انہوں نے کہا كہ تازہ معاملے میں این سی ای آر ٹی کی کتاب کے ذریعے ان بدعنوان عناصر نے معزز عدلیہ تک پر بدعنوانی کے الزامات لگائے، اور جب سپریم کورٹ نے سخت اعتراض کیا تو معصوم بن کر کہنے لگے کہ ہمیں تو معلوم ہی نہیں یہ کس نے کیا۔
آخر میں اکھلیش یادو نے کہا كہ عوام پوچھ رہی ہے کہ کیا بی جے پی حکومت چلا رہی ہے یا من مانی کا سرکس؟