اجیت پوار طیارہ حادثہ: ڈی جی سی اے ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-02-2026
اجیت پوار طیارہ حادثہ: ڈی جی سی اے ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا
اجیت پوار طیارہ حادثہ: ڈی جی سی اے ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا

 



نئی دہلی
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت کے بعد اس واقعے کو لے کر کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ممتا بنرجی کے بعد ان کے بھتیجے روہت پوار نے بھی اس حادثے کے پیچھے سازش کے خدشے کا اظہار کیا ہے اور تیز رفتار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم، اس حادثے کی باقاعدہ جانچ جاری ہے۔ ڈی جی سی اے کے سینئر افسران پر مشتمل چار رکنی ٹیم نے طیارہ حادثے کی جگہ کا دورہ کیا ہے۔ اس واقعے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی تھی۔
مقامی حکام کے مطابق، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن  کی چار رکنی ٹیم نے بدھ کے روز جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ اس دوران ٹیم نے 28 جنوری کی صبح پیش آنے والے حادثے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کا جائزہ لیا۔
وقت مقررہ میں ہوگی جانچ: وزیر
طیارہ حادثے میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد سول ایوی ایشن کی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بارامتی میں ایک “غیر کنٹرولڈ ایئر فیلڈ” موجود ہے، جہاں کوئی مخصوص ایئر ٹریفک کنٹرول  نہیں ہے، اور فضائی آمد و رفت سے متعلق معلومات مقامی فلائنگ ٹریننگ آرگنائزیشن کے انسٹرکٹر یا پائلٹ فراہم کرتے ہیں۔
دوسری جانب، مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے حادثے کے بعد کہا تھا کہ طیارہ حادثے کی جانچ وقت مقررہ کے اندر مکمل کی جائے گی۔ حادثے کے فوراً بعد ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو اور ڈائریکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن نے جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا اور بری طرح جل چکے طیارے کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا تھا۔
روہت پوار نے سازش کا خدشہ ظاہر کیا
ایک افسر نے حادثے کے دو دن بعد، 30 جنوری کو بتایا کہ مہاراشٹر کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ نے طیارہ حادثے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ اس دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی اور اجیت پوار کے بھتیجے روہت پوار نے حادثے کے واقعات کے تسلسل پر کئی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ اس افسوسناک واقعے میں سازش کا امکان ہے اور انہوں نے متعدد ماہر ایجنسیوں سے اس معاملے کی مکمل جانچ کا مطالبہ کیا۔ 28 جنوری کو پونے ضلع کے بارامتی ایئرپورٹ کے قریب پیش آنے والے اس طیارہ حادثے میں اجیت پوار کے علاوہ کیپٹن سمت کپور، معاون پائلٹ کیپٹن شانبھوی پاٹھک، پرسنل سیکیورٹی آفیسر وِدِپ جا دھو اور فلائٹ اٹینڈنٹ پنکی مالی کی بھی موت ہو گئی تھی۔