نئی دہلی :اتوار کی صبح قومی دارالحکومت زہریلی اسموگ کی موٹی تہہ میں ڈوبا نظر آیا جس کے باعث شہر بھر میں حد نگاہ بری طرح متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق صبح 7 بجے کے قریب مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 390 ریکارڈ کیا گیا جو بہت خراب زمرے میں آتا ہے۔ تاہم شہر کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار مزید بگڑ کر انتہائی خراب سطح تک پہنچ گیا۔
دہلی کے متعدد حصوں میں گہری دھند چھائی رہی اور آلودگی کی سطح تشویشناک حد تک بلند رہی۔ اکشردھام علاقے میں اے کیو آئی 438 ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی خراب کے زمرے میں شامل ہے۔ غازی پور علاقے میں بھی یہی صورتحال دیکھی گئی جہاں اے کیو آئی 438 درج کیا گیا۔
وسطی دہلی بھی اس صورتحال سے محفوظ نہ رہ سکی جہاں انڈیا گیٹ اور کرتویہ پتھ کے اطراف اسموگ کی موٹی تہہ چھائی رہی۔ اس علاقے میں اے کیو آئی 381 ریکارڈ کیا گیا جو بہت خراب زمرے میں شمار ہوتا ہے۔ مشرقی دہلی کے آنند وہار علاقے میں آلودگی انتہائی خراب سطح تک پہنچ گئی جہاں اے کیو آئی 438 ریکارڈ ہوا اور یہ اتوار کی صبح دارالحکومت کے سب سے زیادہ آلودہ علاقوں میں شامل رہا۔
آئی ٹی او علاقہ بھی اسموگ کی لپیٹ میں رہا جہاں اے کیو آئی 405 ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ بارہ پللہ فلائی اوور کے آس پاس اے کیو آئی 382 ریکارڈ ہوا جو بہت خراب قرار دیا گیا جبکہ دھولا کنواں علاقے میں بھی اے کیو آئی 397 ریکارڈ کیا گیا جو اسی زمرے میں شامل ہے۔
ہوا کے بگڑتے ہوئے معیار کے پیش نظر کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے دہلی این سی آر میں گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان کے مرحلہ چار کے تحت تمام اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ ان پابندیوں میں غیر ضروری تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی مخصوص ڈیزل گاڑیوں کے داخلے پر روک اور آلودگی کے ذرائع کے خلاف سخت کارروائی شامل ہے۔
اے کیو آئی کی درجہ بندی کے مطابق 0 سے 50 اچھا 51 سے 100 اطمینان بخش 101 سے 200 معتدل 201 سے 300 خراب 301 سے 400 بہت خراب اور 401 سے 500 انتہائی خراب کے زمرے میں آتا ہے۔
ادھر اتر پردیش کے مختلف حصوں میں بھی گھنی دھند اور سرد موسم کی صورتحال دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایودھیا میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی توقع ہے۔
مرادآباد میں بھی سرد لہر کے باعث دھند کی تہہ چھائی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وہاں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔