نئی دہلی/ آواز دی وائس
جمعرات کی صبح قومی دارالحکومت شدید زہریلے اسموگ کی چادر میں لپٹا ہوا نظر آیا، جہاں صبح 9 بجے اوسط فضائی معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) 399 درج کیا گیا، جو کہ "انتہائی خراب" زمرے میں آتا ہے، جیسا کہ سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ نے بتایا۔ بدھ کے مقابلے میں بھی کوئی بہتری نہیں دیکھی گئی، جب صبح 9 بجے اور شام 4 بجے اے کیو آئی 392 تھا۔
گھنے اسموگ نے شہر کے کئی علاقوں کو ڈھانپے رکھا، جس سے حدِ نظر شدید متاثر ہوئی اور صحت کے خدشات مزید بڑھ گئے۔ انڈیا گیٹ پر اے کیو آئی 400 تک پہنچ گیا، جو کہ "انتہائی خراب" سطح ہے۔
کچھ علاقوں میں آلودگی کی سطح اس سے بھی بدتر رہی
اکشر دھام میں 420
دھولا کنواں میں 423
(دونوں "شدید" زمرے میں)
آئی ٹی او میں بھی اسموگ کی صورتحال انڈیا گیٹ جیسی رہی، جہاں اے کیو آئی 400 رہا۔
جبکہ موتی باغ اور پنجابی باغ نے صبح کے دوران سب سے زیادہ آلودگی ریکارڈ کی ۔ دونوں جگہوں پر اے کیو آئی 439 جو کہ "شدید" آلودگی کی سطح ہے۔
صبح 9 بجے دیگر بڑے شہروں میں اے کیو آئی درج ذیل رہا
احمد آباد 178
بینگلورو 79
چینئی 90
جے پور 230
حیدرآباد 119
پٹنہ 134
پونے 182
لکھنؤ 204
ممبئی 145
بگڑتی ہوئی فضائی آلودگی پر دہلی کے ایک مقامی رہائشی نے غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آلودگی 10 یا 15 سال سے جاری ہے۔ جب تک حکومت سنجیدگی سے قدم نہیں اٹھائے گی، اس کا مستقل حل ممکن نہیں۔ ہر سال دہلی میں کم از کم 2 کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرالی جلانا صدیوں سے ہوتا آیا ہے، لیکن دہلی میں مسئلہ سال بھر رہتا ہے۔ مستقل حل تلاش کریں۔ یہ آلودگی ہم نے پیدا کی ہے؛ اس کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔ ذمہ داری سے بھاگنے سے فائدہ نہیں۔ سنجیدگی سے کام کریں، ماحول کو بچائیں۔
اسی دوران، دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کو حکومت دہلی سے کہا کہ نومبر سے جنوری کے شدید آلودہ مہینوں میں اسکول کے بچوں کو باہر کھیلنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ جسٹس سچن دتہ نے کم عمر طلبہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ حکام بچوں کی صحت کے تحفظ میں ناکام ہو رہے ہیں اور انہیں کھیلوں کا سالانہ کیلنڈر تبدیل کرنا ہوگا تاکہ ان مہینوں میں کوئی بھی بیرونی سرگرمی نہ ہو۔
دوسری جانب، بدھ کو سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ دہلی، پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں GRAP-3 نافذ ہونے کے بعد جن تعمیراتی مزدوروں کا کام بند ہوا ہے، انہیں معاشی امداد دی جائے۔ چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوائی کی سربراہی والی بنچ نے حکومتوں کو فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے احتیاطی اقدامات نافذ کرنے اور ان کا باقاعدہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ فضائی آلودگی سے متعلق کیسز کو ہر ماہ فہرست میں شامل کیا جائے۔