گوہاٹی
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے جمعرات کے روز آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما پر ریاست میں "نفرت کی سیاست" کرنے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے اپنی دو روزہ دورۂ آسام کے دوران بدرالدین اجمل کی جماعت آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کی حمایت کی اپیل کی، تاکہ مبینہ انہدامی کارروائیوں سے متاثر مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔
ریاست کی تمام 126 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں 9 اپریل کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو مقرر ہے۔اویسی نے کہا کہ میں دو دن کے لیے آسام آیا ہوں تاکہ بدرالدین اجمل کی پارٹی اے آئی یو ڈی ایف کی حمایت کر سکوں۔ میرا ماننا ہے کہ ہیمنتا بسوا سرما کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد آسام میں نفرت کی سیاست چل رہی ہے۔ کانگریس بی جے پی کو روکنے میں ناکام رہی ہے، اور اسی کی وجہ سے آج ہیمنتا بسوا سرما اور بی جے پی اقتدار میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 50 ہزار سے زیادہ مسلمانوں کے مکانات مسمار کیے جا چکے ہیں جس سے وہ بے گھر ہو گئے ہیں۔ ایسے میں بدرالدین اجمل کی حمایت بہت ضروری ہے تاکہ ان لوگوں کے آئینی حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔
آسام میں 126 نشستوں والی اسمبلی کے لیے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے اتحاد این ڈی اے اور کانگریس کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔بی جے پی یہ انتخابات آسوم گنا پریشد اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ کے ساتھ مل کر لڑ رہی ہے۔این ڈی اے مسلسل تیسری بار اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرے گا، جبکہ کانگریس کا مقصد موجودہ حکومت کو شکست دے کر دوبارہ اقتدار میں آنا ہے۔
ایک دن قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بسواناتھ میں ایک عوامی ریلی کے دوران کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے اسے آزاد ہندوستان میں بدعنوانی کی "بنیادی جڑ" قرار دیا۔وزیر اعظم نے کانگریس پر الزام لگایا کہ اس نے آسام کی شناخت، وقار اور سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کیا اور اقتدار کی خاطر آسام کی شناخت سے سمجھوتہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ کانگریس ترقی مخالف ہے اور آزاد ہندوستان میں بدعنوانی کی جڑ رہی ہے۔ آسام میں کانگریس نے ایسے کام کیے جن سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ اس نے آسام کی شناخت، وقار اور سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلا۔ آزادی کے بعد سے اس نے اقتدار کے لیے آسام کی شناخت سے سمجھوتہ کیا اور بار بار ریاست کے مفادات کو نظر انداز کیا۔ اس کی سب سے بڑی غلطیوں میں غیر قانونی دراندازوں کو مرکزی دھارے میں شامل کرنا شامل ہے۔