لدھیانہ
پنجاب کے وزیر تعلیم ہرجوت سنگھ بینس نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں اگلے ماہ سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا نصاب متعارف کرایا جائے گا۔لدھیانہ کے گرو نانک دیو بھون میں منعقدہ 'برائٹ مائنڈز پنجاب 2026' پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بینس نے کہا کہ ریاستی حکومت گزشتہ ایک سال سے اے آئی منصوبے پر کام کر رہی تھی اور اب اسے سرکاری اسکولوں میں نافذ کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس تقریب میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، محکمہ تعلیم کی سکریٹری سونالی گری، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔پروگرام کے دوران بارہویں جماعت کے ان ہونہار طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا، جنہوں نے بورڈ امتحانات میں 95 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کیے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بینس نے کہا کہ یہ طلبہ پنجاب اور ملک کے روشن مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان میں سے بہت سے طلبہ مستقبل میں سول سروسز، طب، قانون اور دیگر شعبوں میں خدمات انجام دے کر قوم کی خدمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کی سکریٹری نے براہ راست طلبہ سے ملاقات کر کے امتحانی نظام، نصاب اور تدریسی طریقوں کے بارے میں ان کی آراء حاصل کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز کو مستقبل کی تعلیمی پالیسیوں کی تشکیل میں مدنظر رکھا جائے گا۔ہرجوت سنگھ بینس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پنجاب نے اسکولی تعلیم کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور ملک کے ایجوکیشن انڈیکس میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا اساتذہ، طلبہ اور حکومت کی مشترکہ کوششوں کو دیا۔
منیش سسودیا نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اس کے تعلیمی نظام کے معیار پر منحصر ہوتی ہے اور ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی اور روایتی ملازمتوں کی نوعیت کو بھی تبدیل کر دے گی، اس لیے طلبہ کے لیے جدید تکنیکی مہارتوں کا حصول ناگزیر ہے۔
انہوں نے امتحانی اور تشخیصی نظام میں اصلاحات، نقل کے خاتمے اور سائنسی بنیادوں پر تدریسی طریقوں کو اپنانے پر بھی زور دیا۔
محکمہ تعلیم کی سکریٹری سونالی گری نے اساتذہ اور طلبہ سے منشیات کے استعمال، بے روزگاری اور تعلیمی نظام کی خامیوں جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے طلبہ سے آئینی اقدار کی پاسداری، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ماحولیات کے تحفظ کا عہد بھی لیا۔