نئی دہلی
چین نے امریکی زرعی مصنوعات کی تجارت بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ چین نے 2026 کے لیے سالانہ بنیاد پر 17 ارب امریکی ڈالر کی خریداری کرنے اور 2027 و 2028 میں بھی اسی سطح کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ کے چین دورے سے واپسی کے بعد امریکی صدر کے سرکاری دفتر اور رہائش گاہ دی وائٹ ہاؤس نے اتوار کو یہ معلومات دی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق، چین امریکی گائے کے گوشت کے لیے اپنی منڈی تک رسائی بحال کرے گا اور اُن امریکی ریاستوں سے پولٹری مصنوعات کی درآمد دوبارہ شروع کرے گا جنہیں امریکی محکمۂ زراعت نے برڈ فلو سے پاک قرار دیا ہے۔ یہ معاہدے گزشتہ سال چین کی جانب سے سویا بین خریدنے کے وعدوں کے علاوہ ہیں۔ان معاہدوں سے اُن امریکی کسانوں کو کچھ راحت ملنے کی امید ہے جنہیں تجارتی جنگ کے باعث سویا بین اور دیگر مصنوعات کی بڑی برآمدی منڈی میں کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم چین کی جانب سے فوری طور پر ان معاہدوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔چین کی وزارتِ تجارت نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ دونوں ممالک زرعی اشیاء سے متعلق بعض غیر محصولاتی رکاوٹوں اور منڈی تک رسائی کے معاملات کو “حل کرنے یا ان کے حل کی سمت میں ٹھوس پیش رفت” کریں گے۔
وزارت کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکہ، چین کی ڈیری مصنوعات، سمندری خوراک، بونسائی پودوں کی برآمدات، اور صوبہ شینڈونگ کو برڈ فلو سے پاک علاقہ تسلیم کرنے سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے “فعال طور پر کام” کرے گا۔اسی طرح چین بھی گائے کے گوشت کی پروسیسنگ یونٹس کی رجسٹریشن اور بعض ریاستوں سے مویشی برآمدات کے سلسلے میں امریکی خدشات کو دور کرنے کے لیے “فعال طور پر کام” کرے گا۔
دونوں ممالک نے بعض مخصوص مصنوعات پر جوابی محصولات میں کمی جیسے اقدامات کے ذریعے زرعی مصنوعات سمیت تجارت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ رعایتیں کن مصنوعات پر لاگو ہوں گی۔