تہران
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کے چند ہی لمحوں بعد کہ ایران کا میزائل پروگرام امریکہ اور اسرائیل کی گزشتہ ایک ماہ سے جاری فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں تباہ ہو چکا ہے، ایرانی افواج نے اسرائیل کے اہم شمالی بندرگاہی شہر حیفہ کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل داغ دیے۔ یہ اطلاع ایران کے سرکاری میڈیا پریس ٹی وی نے دی۔
رپورٹس کے بعد اسرائیلی دفاعی افواج نے ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں میزائل حملوں کی تصدیق کی اور کہا کہ خطرے کو روکنے کے لیے دفاعی نظام سرگرم ہیں۔آئی ڈی ایف کے مطابق، "کچھ دیر قبل ایران کی جانب سے ریاست اسرائیل کے علاقے کی طرف داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دفاعی نظام ان خطرات کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
آئی ڈی ایف نے مزید بتایا کہ ہوم فرنٹ کمانڈ نے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے موبائل فونز پر احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حفاظتی اصولوں پر عمل کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ جیسے ہی الرٹ موصول ہو، عوام کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات میں چلے جائیں اور اگلے احکامات تک وہیں رہیں۔ محفوظ مقام سے نکلنے کی اجازت صرف واضح ہدایات ملنے کے بعد ہی ہوگی۔ عوام سے درخواست ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل جاری رکھیں۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ نے فروری کے آخر سے ایران کے خلاف شروع ہونے والی کارروائیوں کے بعد قوم سے اپنے خطاب میں امریکی فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی اپنے بنیادی ہدف کے قریب پہنچ چکی ہے۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اس عرصے کے دوران ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں کو منظم طریقے سے تباہ کر دیا گیا ہے اور ملک کا مجموعی فوجی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی بحریہ ختم ہو چکی ہے، اس کی فضائیہ تباہ ہو گئی ہے، اور اس کے بیشتر رہنما، جو دہشت گرد تھے، اب مارے جا چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مخالف کی "میزائل اور ڈرون داغنے کی صلاحیت نمایاں طور پر کم ہو چکی ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ "اسلحہ ساز فیکٹریاں اور راکٹ لانچرز تباہ کیے جا رہے ہیں ۔ ان میں سے بہت کم باقی رہ گئے ہی اور کہا کہ امریکہ "پہلے سے کہیں زیادہ بڑی کامیابی حاصل کر رہا ہے۔