کولکتہ
بی جے پی رہنما دلیپ گھوش نے جمعہ کو مغربی بنگال کی سبکدوش ہونے والی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ “وہم کا شکار” ہیں اور ان کے اردگرد موجود لوگ انہیں گمراہ کر رہے ہیں۔ یہ بیان ممتا بنرجی کی سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس سربراہ زمینی حقیقت کو سمجھنے سے قاصر ہیں اور لوگ انہیں “جھوٹی امیدیں” دلا رہے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا کہ ممتا بنرجی وہم کا شکار ہیں، لوگ آ کر ان کے ذہن میں جھوٹی امیدیں بھر رہے ہیں، اور وہ اس حقیقت کو سمجھ نہیں پا رہیں۔مغربی بنگال بی جے پی کے صدر سامک بھٹاچاریہ نے بھی اپوزیشن اتحاد کی کوششوں کا مذاق اڑایا۔ اکھلیش یادو کی کولکتہ میں ممتا بنرجی سے ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صفر جمع صفر برابر صفر، اور صفر منفی صفر بھی صفر ہی ہوتا ہے۔
جمعرات کو اپوزیشن اتحاد کے مظاہرے کے طور پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کولکتہ میں ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی سے ملاقات کی۔اکھلیش یادو کی ترنمول قیادت سے ملاقات جلد ہی بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے خلاف سخت حملوں میں تبدیل ہو گئی۔ترنمول ذرائع کے مطابق بند کمرے میں ہونے والی ملاقات کے دوران اکھلیش یادو نے ممتا بنرجی سے کہا کہ دیدی، آپ ہاری نہیں ہیں۔
بعد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی سربراہ نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال انتخابات میں بی جے پی نے “کئی سطحوں پر غنڈہ گردی” کی۔انہوں نے کہا کہ جب انتخاب ایمانداری سے ہوئے تو ممتا بنرجی جیت گئیں، لیکن اس بار بی جے پی، الیکشن کمیشن، خفیہ عناصر اور زیر زمین طاقتوں نے مل کر دھاندلی کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولنگ بوتھوں کی نگرانی کرنے والے کیمروں کی ویڈیوز عوام کے سامنے لائی جائیں۔ اکھلیش یادو نے کہا، “اگر سپریم کورٹ کی کارروائی براہِ راست دکھائی جا سکتی ہے تو پھر مغربی بنگال کی ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی کی ویڈیوز کیوں نہیں دکھائی جا سکتیں؟
دوسری جانب گورنر آر این روی نے جمعرات کو نئی بی جے پی حکومت کی تشکیل سے قبل قانون ساز اسمبلی تحلیل کر دی۔ اس دوران ریاست میں انتخابی تشدد بھی دیکھنے کو ملا، جس میں بی جے پی رہنما سویندو ادھیکاری کے ذاتی معاون چندرناتھ راتھ کا قتل بھی شامل ہے۔اسمبلی کی تحلیل کے بعد مغربی بنگال میں بی جے پی کی پہلی حکومت کی راہ ہموار ہو گئی۔ 2026 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 207 نشستیں حاصل کیں، جبکہ ترنمول کانگریس 15 سال اقتدار میں رہنے کے بعد صرف 80 نشستوں تک محدود ہو گئی۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق نو منتخب اراکینِ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو متوقع ہے، جس میں حلف برداری سے قبل قانون ساز پارٹی کے رہنما کا انتخاب کیا جائے گا۔