نئی دہلی
کیرالہ میں نپاہ وائرس کا ایک معاملہ سامنے آنے کے بعد مرکزی حکومت نے جمعہ کو وائرس کی روک تھام اور مؤثر انتظام کے لیے طے شدہ معیاری پروٹوکول اور آپریٹنگ طریقہ کار پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ریاستی حکومت کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے۔ مریض کے نمونے کو مزید جانچ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی ، پونے بھیجا گیا ہے۔
اس سے قبل ریاستی وزیر صحت کے مرلی دھرن نے جمعرات کو بتایا تھا کہ کیرالہ میں نپاہ وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے اور مریض اس وقت وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہے۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں، تاہم حتمی تصدیق کے لیے وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔وزیر کے مطابق مریض کو پہلے شدید بخار کی شکایت کے باعث کالی کٹ کے کریسنٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جس کے بعد اسے ایک دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔
مرلی دھرن نے کہا کہ مریض کو ابتدا میں شدید بخار کے ساتھ کریسنٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ بعد میں اسے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔ جب بخار مسلسل برقرار رہا تو ڈاکٹروں کو شبہ ہوا کہ یہ نپاہ وائرس کا معاملہ ہو سکتا ہے۔ فی الحال مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مریض 77 افراد کے رابطے میں آیا تھا، جن میں 58 طبی کارکن، خاندان کے 14 افراد اور 5 دوست شامل ہیں۔وزیر صحت نے کہا کہ جن افراد کا مریض سے رابطہ ہوا تھا، ان میں اب تک بیماری کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے۔مرلی دھرن نے عوام سے مئی سے ستمبر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی، کیونکہ اس عرصے میں نپاہ وائرس کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مئی سے ستمبر تک کا دورانیہ زیادہ حساس سمجھا جاتا ہے۔ اس دوران چمگادڑوں کو ہاتھ لگانے یا انہیں چھیڑنے کی کوشش نہ کریں۔ اگر کہیں چمگادڑ نظر آئیں تو متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ ہم نپاہ کے مزید کیسز کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔
ریاستی محکمہ صحت کے مطابق رواں دہائی میں پہلی بار مغربی بنگال میں فروری کے دوران نپاہ وائرس سے متاثر ایک نرس کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی تھی۔نپاہ وائرس ایک زونوٹک بیماری ہے، جو عموماً پھل کھانے والی چمگادڑوں (فروٹ بیٹس) یا متاثرہ جسمانی رطوبتوں کے رابطے میں آنے سے پھیلتی ہے۔
یہ وائرس قریبی رابطے اور جسمانی رطوبتوں کے ذریعے ایک شخص سے دوسرے شخص میں بھی منتقل ہو سکتا ہے۔حالیہ برسوں کے دوران کیرالہ میں نپاہ وائرس کے متعدد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے باعث ریاستی اور مرکزی صحت حکام مسلسل نگرانی اور احتیاطی اقدامات پر زور دے رہے ہیں۔