افغانستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا- وزیر خارجہ امیر خان متقی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-10-2025
افغانستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا- وزیر خارجہ امیر خان متقی
افغانستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا- وزیر خارجہ امیر خان متقی

 



نئی دہلی :افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے جمعہ کے روز کہا کہ اسلامی امارتِ افغانستان کبھی کسی طاقت کو یہ اجازت نہیں دے گی کہ وہ افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرے یا خطرے میں ڈالے۔ انہوں نے نئی دہلی میں ہندستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ملاقات کے دوران علاقائی امن اور تعاون کے لیے کابل کے عزم کو دہرایا۔

امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان نے کبھی ہندستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا اور ہمیشہ باہمی احترام، تجارت اور عوامی رابطوں پر مبنی تعلقات کو اہمیت دی ہے۔انہوں نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا،افغانستان کسی کو بھی اپنی سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ افغانستان ہندستان کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ گزشتہ چند برسوں میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آئے، لیکن کابل نے ہمیشہ مثبت تعلقات کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا،امریکی قبضے کے دوران بھی کئی نشیب و فراز آئے۔ اُس وقت بھی ہم نے کبھی ہندستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، بلکہ ہمیشہ اچھے تعلقات کی خواہش رکھی۔

امیر خان متقی نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی و ثقافتی رشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ہندستان کو ایک قریبی دوست ملک قرار دیا جو ہمیشہ مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
انہوں نے حالیہ ہرات کے زلزلے کے بعد ہندستان کی فوری انسانی امداد کو سراہتے ہوئے کہا،
"
قدرتی آفات کے وقت ہندستان ہمیشہ سب سے پہلے امدادی سرگرمیوں کے ساتھ پہنچا۔ افغانستان ہندستان کو ایک قریبی دوست کی حیثیت سے دیکھتا ہے۔

افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سیاسی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکالمے اور باہمی تفاہم کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا،ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان اور ہندستان سرکاری سطح پر اور مختلف میدانوں میں اپنے روابط اور تبادلے کو بڑھائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ گفت و شنید کے ذریعے ہمارے درمیان تفہیم کی سطح مزید بہتر ہو۔

امیر خان متقی نے اپنی جنوری میں دبئی میں بھارتی حکام بشمول خارجہ سکریٹری وکرم مِسری سے ہونے والی ملاقاتوں کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات اور بعد کی بات چیت نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نیا باب کھولنے میں مدد کی۔

انہوں نے کہا،"ہمارے تعلقات صرف تجارت تک محدود نہیں بلکہ کاروبار، ثقافت، کھیل اور دیگر تعلقات نے بھی ہمیں جوڑ رکھا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم یہاں دہلی میں دونوں ممالک کے درمیان تفہیم کو بڑھا پائے ہیں اور اپنے تعلقات میں ایک نیا باب کھولنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔"

دوسری جانب، ہندستان نے آج کابل میں اپنے ٹیکنیکل مشن کو ہندستانی سفارت خانے کے درجے پر اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔
یہ اعلان وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے امیر خان متقی اور ان کے وفد کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران کیا۔جے شنکر نے امیر خان متقی اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور ہندستان و افغانستان کے درمیان پائیدار دوستی کی تصدیق کی۔
انہوں نے کئی ترقیاتی و انسانی منصوبوں کا اعلان کیا، جن میں چھ نئے ترقیاتی منصوبوں کا عزم شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تفصیلات بات چیت کے بعد ظاہر کی جائیں گی۔

جے شنکر نے پاہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد افغانستان کی یکجہتی اور ہندستان کے سلامتی خدشات کے تئیں حساس رویے کی تعریف کی۔انہوں نے کہاآپ کا یہ دورہ ہمارے تعلقات کے فروغ اور ہندستان و افغانستان کی دیرینہ دوستی کی توثیق میں ایک اہم قدم ہے۔

جے شنکر نے مزید کہا کہ پاہلگام حملے کے بعد اور کنڑ و ننگرہار کے زلزلے کے موقع پر دونوں کے درمیان گفتگو ہوئی تھی، تاہم یہ بالمشافہ ملاقات خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس سے نظریات کے تبادلے، مشترکہ مفادات کی شناخت اور قریبی تعاون کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔