افغانستان کے وزیر خارجہ مولانا امیر خان متقی کا دارالعلوم دیوبند میں استقبال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-10-2025
افغانستان کے وزیر خارجہ مولانا امیر خان متقی کا دارالعلوم دیوبند میں استقبال
افغانستان کے وزیر خارجہ مولانا امیر خان متقی کا دارالعلوم دیوبند میں استقبال

 



سہارنپور: افغانستان کی طالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولانا امیر خان متقی آج ہندوستان کے سب سے معتبر اسلامی تعلیمی ادارے دارالعلوم دیوبند پہنچے۔ ادارے کی انتظامیہ نے ان کے استقبال کے لیے 15 ممتاز علما کی فہرست جاری کی ہے۔ متقی کا قافلہ صبح ساڑھے آٹھ بجے دہلی سے روانہ ہوا اور تقریباً دوپہر 12 بجے دیوبند پہنچا۔

سیکورٹی ایجنسیوں نے پورے علاقے میں سخت انتظامات کیے تھے۔ ان کا استقبال دارالعلوم کی وسیع و عریض گول لائبریری میں کیا گیا۔ افغانستان کے وزیر خارجہ کی بھارت آمد مولانا امیر خان متقی طالبان حکومت کے اہم رہنماؤں میں سے ہیں۔ 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ ان کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔

وہ چھ روزہ دورے پر بھارت آئے ہوئے ہیں اور جمعہ کو انہوں نے دہلی میں کئی سرکاری حکام سے ملاقات کی تھی۔ دارالعلوم دیوبند میں ان کے استقبال کا پروگرام ادارے کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی نگرانی میں ترتیب دیا گیا۔ استقبال میں شامل 15 بڑے علما کے نام ادارے کی طرف سے جاری کی گئی فہرست میں درج ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، دارالعلوم میں موجود خواتین صحافیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پردے کے ساتھ ایک علیحدہ جگہ پر بیٹھیں۔

ادارے نے اسے اپنی روایتی پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے۔ فی الوقت، متقی کا قافلہ دیوبند پہنچ چکا ہے۔ راستے میں بڑی تعداد میں مدرسے کے طلبہ نے قطاریں لگا کر ان کا استقبال کیا۔ شام 4 بجے تک ان کی واپسی دہلی کے لیے طے ہے۔ افغان وزیر خارجہ کے دورۂ دیوبند پر جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا: "ہمارا افغانستان کے ساتھ ایک علمی و تعلیمی تعلق ہے۔ وہ اپنے مادرِ علمی سے ملاقات کے لیے آئے ہیں، اس کے بعد وہ ہم سے بھی بات چیت کریں گے۔"

دارالعلوم دیوبند کے میڈیا انچارج اشرف عثمانی نے بتایا کہ: "افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی آج یہاں آ رہے ہیں، ان کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کے آنے کے بعد ہم انہیں دارالعلوم دیوبند دکھائیں گے، وہ خود بھی تعلیم حاصل کریں گے، طلبہ سے ملاقات کریں گے اور شام 3 بجے انہیں خطاب کریں گے۔ ان کے کھانے کا انتظام بھی ادارے کے اندر ہی کیا گیا ہے۔ وہ ملک کے مہمان ہیں، ہمیں ان کا خیال رکھنا ہے۔

طالبان حکومت کے وزیر خارجہ کے دارالعلوم دیوبند پہنچنے پر طلبہ کا جوش دیدنی تھا۔ پھولوں کی بارش سے ان کا استقبال کیا گیا۔ متقی کے قافلے کے ساتھ سیلفی لینے کی دوڑ بھی طلبہ میں دیکھی گئی۔ دارالعلوم دیوبند میں مولانا امیر خان متقی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مدرسے کے طلبہ کا ہجوم لگ گیا۔

انہوں نے دارالعلوم کی لائبریری میں بیٹھ کر طلبہ کے ساتھ حدیث کا درس بھی لیا۔ اس دوران پولیس اور انتظامیہ مکمل الرٹ رہی۔ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کو کافی محنت کرنا پڑی۔