افغانستان کی ہندوستان کو معدنیات میں سرمایہ کاری کی دعوت، واہگہ سرحد کھولنے کی درخواست

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-10-2025
افغانستان کی ہندوستان کو معدنیات میں سرمایہ کاری کی دعوت،  واہگہ سرحد کھولنے کی درخواست
افغانستان کی ہندوستان کو معدنیات میں سرمایہ کاری کی دعوت، واہگہ سرحد کھولنے کی درخواست

 



 نئی دہلی: افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نےہندوستان کو اپنے ملک کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور واگہہ سرحد کھولنے کی درخواست کی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واگہہ "ہندوستان اور افغانستان کے درمیان سب سے تیز اور آسان تجارتی راستہ" ہے۔اتوار کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متقی نے کہا، "میں نے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی، جس میں معیشت، تجارت اور دیگر معاملات پر بات ہوئی۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ملاقات کے دوران ہندوستان نے کابل میں اپنے مشن کو سفارت خانے کی سطح تک اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے، اور کابل کے سفارت کار جلد نئی دہلی پہنچیں گے۔"متقی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان "تجارت اور معیشت" پر اتفاقِ رائے طے پا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ افغانستان نےہندوستان کو معدنیات، زراعت اور کھیلوں جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی ہے۔

ان کے مطابق، کہ ہم نے ہندوستان ی فریق کو خاص طور پر معدنیات، زراعت اور کھیلوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ہم نے چابہار بندرگاہ پر بھی بات کی... اور واگہہ بارڈر کھولنے کی درخواست کی، کیونکہ یہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان سب سے تیز اور آسان تجارتی راستہ ہے۔

  وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے اتوار کو اپنی ایک پریس کانفرنس میں اس عام تاثر کی تردید کی کہ طالبان حکومت نے ملک میں خواتین کی تعلیم پر مکمل پابندی لگا رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں لاکھوں لڑکیاں اور خواتین تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

متقی نے کہا، "اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان کے علماء اور مدارس کے تعلقات دارالعلوم دیوبند سے گہرے ہیں۔ تعلیم کے حوالے سے، اس وقت ہمارے ملک میں ایک کروڑ طلبہ مختلف اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں، جن میں سے تقریباً 28 لاکھ خواتین اور بچیاں ہیں۔"

انہوں نے اعتراف کیا کہ کچھ علاقوں میں پابندیاں ضرور ہیں، مگر تعلیم کو "حرام" قرار نہیں دیا گیا۔ان کے بقول، "دینی مدارس میں خواتین کو گریجویشن تک تعلیم حاصل کرنے کا موقع موجود ہے۔ کچھ مخصوص حصوں میں رکاوٹیں ہیں، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم تعلیم کے مخالف ہیں۔ ہم نے تعلیم کو مذہبی طور پر حرام قرار نہیں دیا، بلکہ اسے وقتی طور پر مؤخر کیا گیا ہے۔"دوسری جانب، اقوامِ متحدہ کے مطابق طالبان حکومت کے دور میں تقریباً 14 لاکھ لڑکیاں اسکول سے محروم ہو چکی ہیں۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، اپریل 2023 میں یونیسکو کی گنتی کے بعد سے مزید 3 لاکھ لڑکیاں تعلیم سے باہر ہو گئیں، اور "ایک پوری نسل کا مستقبل خطرے میں ہے۔

طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد سے لڑکیوں کو چھٹی جماعت کے بعد تعلیم حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے، جس کی وجہ وہ اسلام کی اپنی مخصوص تشریح کو قرار دیتے ہیں۔ حالانکہ کسی اور مسلم ملک میں لڑکیوں کی تعلیم پر ایسی پابندی نہیں۔نئی دہلی میں آمد کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں خواتین کی غیرموجودگی پر ہونے والی تنقید کے جواب میں متقی نے وضاحت کی کہ ایسا جان بوجھ کر نہیں بلکہ "تکنیکی مسئلے" کی وجہ سے ہوا۔انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کم وقت میں رکھی گئی تھی، اس لیے صحافیوں کی ایک مختصر فہرست تیار کی گئی۔ یہ فہرست مخصوص تھی اور اس میں کسی قسم کی تفریق کا ارادہ نہیں تھا۔ یہ محض ایک تکنیکی مسئلہ تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے آج ایک اور پریس میٹنگ رکھی ہے جس میں خواتین صحافیوں کو خاص طور پر مدعو کیا گیا ہے۔