متبادل ایندھن اپنانا وقت کی ضرورت ہے: گڈکری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-06-2026
متبادل ایندھن اپنانا وقت کی ضرورت ہے: گڈکری
متبادل ایندھن اپنانا وقت کی ضرورت ہے: گڈکری

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے کہا ہے کہ فضائی آلودگی میں کمی اور درآمدی فوسل ایندھن پر انحصار گھٹانے کے لیے بھارت کو متبادل ایندھن اور حیاتیاتی ایندھن کے استعمال کو تیزی سے فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات ’’انڈیا گوز فلیکس‘‘ تقریب میں ماروتی سوزوکی کی بھارت میں پہلی فلیکس فیول کار کے اجراء کے موقع پر کہی۔

نتن گڈکری نے کہا کہ صاف اور ماحول دوست ایندھن کی جانب منتقلی نہ صرف ماحول کے تحفظ بلکہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت کے قومی ہدف کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی صحتِ عامہ کے لیے سنگین مسائل پیدا کر رہی ہے، اس لیے ماحولیات اور قدرتی نظام کے تحفظ کو اولین ترجیح دینا ضروری ہے۔ وزیر نے کہا کہ فضائی آلودگی کا تقریباً 40 فیصد حصہ ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ ہے، جو ان کی وزارت کے دائرۂ کار میں آتا ہے۔

ان کے مطابق یہ ایک انتہائی تشویش ناک مسئلہ ہے اور حکومت کا ہدف فضائی آلودگی میں نمایاں کمی لانا ہے۔ انہوں نے فلیکس فیول کار کے اجراء کو آلودگی میں کمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ماحول دوست نقل و حمل کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔ اقتصادی پہلو پر بات کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ بھارت ہر سال تقریباً 22 سے 23 لاکھ کروڑ روپے مالیت کا فوسل ایندھن درآمد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ’’آتم نربھر بھارت‘‘ یعنی خود کفیل بھارت کے خواب کو حقیقت بنانا ہے تو درآمدات کم اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق متبادل ایندھن اور حیاتیاتی ایندھن اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کریں گے اور ملک کو توانائی کے شعبے میں زیادہ خود مختار بنانے میں مدد دیں گے۔

نتن گڈکری نے آٹوموبائل صنعت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ نہ صرف عالمی سطح پر اہم مقام رکھتا ہے بلکہ بھارت کی اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت اقتدار میں آئی تھی تو آٹوموبائل صنعت کا حجم تقریباً 12 لاکھ کروڑ روپے تھا، جو اب بڑھ کر تقریباً 23 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔

گڈکری نے مزید کہا کہ بھارت آٹوموبائل صنعت کے میدان میں دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے۔ ان کے مطابق بھارت پہلے ساتویں نمبر پر تھا، پھر اس نے جاپان کو پیچھے چھوڑا اور اب دنیا کی تیسری بڑی آٹوموبائل صنعت بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹوموبائل شعبے نے روزگار کی فراہمی اور حکومتی محصولات میں اضافے کے حوالے سے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔