چنئی: تمل ناڈو اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ڈی ایم کے کے رہنما ادھیانیدھی اسٹالن کو منگل کی صبح ان کے چنئی کے نیلانکرئی واقع رہائش گاہ سے ریاستی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ان کے خلاف وزیر اعلیٰ وجے اور اداکارہ تریشا کرشنن کے بارے میں مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرہ کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
سابق نائب وزیر اعلیٰ ادھیانیدھی اسٹالن کو پولیس بس کے ذریعے حراست میں لے کر تنجاور روانہ ہوئی، جہاں پیر کے روز کاویری آبی تنازع پر منعقدہ ایک ریلی میں ان کی تقریر کے دوران حاضرین کے ایک گروپ نے "تریشا، تریشا" کے نعرے لگائے تھے۔ الزام ہے کہ اس پر ادھیانیدھی نے کہا، "پانی کہیں اور پہنچے یا نہ پہنچے، وہاں ضرور پہنچنا چاہیے۔"
بعد میں انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا اشارہ کاویری کے پانی کی طرف تھا۔ ادھر، تملگا ویتری کزگم (ٹی وی کے) کے کارکنوں اور حامیوں نے کوئمبتور میں ادھیانیدھی اسٹالن کے خلاف احتجاج کیا۔ ٹی وی کے کی خواتین ونگ نے پیر کو تنجاور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ادھیانیدھی نے اداکارہ تریشا کرشنن کے بارے میں دو معنی رکھنے والا نازیبا تبصرہ کیا۔ اس مبینہ بیان پر حکمراں جماعت کے رہنماؤں نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا۔
ٹی وی کے کے ایم ایل اے ریونت چرن نے اس تبصرے کو "انتہائی شرمناک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ڈی ایم کے کی سیاسی ثقافت اور سیاسی گفتگو کے گرتے ہوئے معیار کی عکاسی ہوتی ہے۔ ایم ڈی ایم کے کے پرنسپل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن دورئی وائیکو نے بھی ادھیانیدھی کے مبینہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کا مقصد کاویری تنازع اور تمل ناڈو کے کسانوں کے مسائل کو اجاگر کرنا تھا، نہ کہ ذاتی نوعیت کے تبصرے کرنا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف اس طرح کے ریمارکس قابل مذمت ہیں اور یہ انتہائی افسوسناک ہے۔