پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار اسمبلی انتخابات کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنا انتخابی بگل بجا دیا ہے۔ آج اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے داناپور اسمبلی حلقے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بہار میں جنگل راج اور خاندانی سیاست برسوں سے حاوی رہی ہے۔ 1990 سے 2005 کے درمیان ترقی کے نام پر بدامنی اور انارکی پھیلائی گئی، لیکن گزشتہ 20 برسوں میں این ڈی اے حکومت نے بہار کو اس بدحالی سے باہر نکال لیا ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یہ علم کی سرزمین تھی، مگر اسے جرائم کی سرزمین بنا دیا گیا۔" جنگل راج کے دوران جرائم پیشہ عناصر کو تحفظ حاصل تھا، جس کی وجہ سے بہار کے لوگ بڑے پیمانے پر ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔ این ڈی اے نے بہار کو اس بدنامی اور کلنک سے آزاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن کی حکومت (مرکزی اور ریاستی حکومت کا ایک ساتھ چلنا) کو ایک بار پھر قائم ہونا چاہیے تاکہ پچھلے 20 سالوں میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں جو ترقی ہوئی ہے، وہ جاری رہے۔
سب نے دیکھا بہار کا جنگل راج : یوگی
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ 1990 سے 2005 تک بہار پر جنگل راج اور خاندانی راج کا سایہ تھا؟ ان 15 برسوں میں پورا ترقیاتی ڈھانچہ تباہ ہو گیا۔ لوگ مجبورا بہار چھوڑنے لگے۔ بہار کی وہ روایت جو کبھی ملک کو قیادت دیتی تھی، اس جنگل راج نے برباد کر دی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 20 سالوں میں این ڈی اے کی حکومت نے بہار میں امن قائم کیا، جنگل راج کا خاتمہ کیا۔ اب کوئی بھی ترقی کو روک نہیں سکتا۔ کوئی بھی جرم کو اپنا پیدائشی حق نہیں بنا سکتا۔ اغوا کا کاروبار اب نہیں چل سکتا۔ مرکز اور ریاست کی حکومت نے بہار کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔
این ڈی اے نے بہار کے اندر کام کیا ہے
سی ایم یوگی نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے بہار کے اندر حقیقی معنوں میں کام کیا ہے۔ بہار کے نوجوان آج ہر میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ 2005 سے پہلے بہار بدعنوانی اور بحران کی پہچان بن چکا تھا۔ جو پیسہ ترقی اور روزگار کے لیے استعمال ہونا چاہیے تھا، وہ چارہ گھوٹالے میں ضائع کیا گیا۔
انہوں نے کانگریس اور آر جے ڈی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہمیں ان کو دوبارہ موقع دینا چاہیے؟ کیا ہمیں غیر ملکی دراندازوں کو آنے دینا چاہیے؟ آر جے ڈی اور کانگریس نے ایس آئی آر (ووٹر شناخت نظام) پر بھی سوال اٹھائے۔ جب این ڈی اے نے اس نظام کی حمایت کی، تو انہوں نے کہا کہ بہار میں زبردستی غلط پولنگ ہونی چاہیے۔ یہ لوگ الیکشن کمیشن کے خلاف بھی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ یوگی نے کہا کہ پچھلے 20 برسوں میں این ڈی اے کی حکومت نے بہار کے اندر مسلسل کام کیا ہے اور جنگل راج کو ختم کیا ہے۔
۔2005 سے پہلے بہار بحران کی پہچان بن چکا تھا
انہوں نے کہا کہ 2005 سے پہلے بہار بحران کی علامت بن گیا تھا۔ جو پیسہ عوام کے روزگار اور ترقی پر لگنا چاہیے تھا، وہ بدعنوانی میں بہہ گیا۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ بغیر شناخت کے، بغیر تصدیق کے ہر کسی کو ووٹ ڈالنے دیا جائے۔ یہ زبردستی ووٹنگ کرانا چاہتے ہیں۔ بہار کے ووٹروں کو اب آگے آنا ہوگا۔ مرکز میں نریندر مودی اور بہار میں نتیش کمار کی حکومت کو مضبوط بنانا ہوگا۔
بھگوان رام اور ماں سیتا کی سرزمین
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اب داناپور میں رام کرپال جی موجود ہیں اور بہار میں 900 کروڑ کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ ہم بھگوان رام اور ماں سیتا کے ماننے والے ہیں اور چانکیہ کی روایات کو مانتے ہیں۔ جب کانگریس نے بہار کے آئین اور جمہوریت کو روندنے کی کوشش کی تھی، تو اسی بہار نے للکارا تھا۔ آج وہی کانگریس آر جے ڈی کی گود میں بیٹھی ہے۔
شری رام کے بعد، جانکی مندر بھی بنے گا
یوگی نے کہا کہ بہار کا جانکی مندر ماں سیتا کا مقدس آستانہ ہے۔ لوگ پوچھتے تھے کہ رام مندر کب بنے گا؟ تو دیکھ لیجیے، ایودھیا میں شری رام مندر بن چکا ہے۔ اسی طرح، این ڈی اے کی حکومت آنے کے بعد بہار میں ماں جانکی کا عظیم مندر بھی بنایا جائے گا۔